حرم شریف کی چھت پر حفاظتی جنگلے کی تنصیب کا کام مکمل ہو گیا

ماضی میں چھت سے کُود کر خود کُشی کے واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ اقدام لیا گیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 6 مئی 2019 10:40

حرم شریف کی چھت پر حفاظتی جنگلے کی تنصیب کا کام مکمل ہو گیا
مکّہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین- 6 مئی 2019ء) سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق عمرہ سیکیورٹی فورس کے نائب کمانڈر میجر جنرل محمد الاحمدی نے بتایا ہے کہ مسجد الحرام کی جھت پر حفاظتی جنگلے کی تنصیب کا کام مکمل ہو گیا ہے۔ یہ جنگلہ حرم شریف کی چھت پر نماز پڑھنے والوں کے نیچے گرنے کے خدشے کے پیش نظر لگایا گیا ہے۔ میجر جنرل محمد الاحمدی نے بتایا کہ ماضی میں اکثر زائرین اور معتمرین کی لاپرواہی کے باعث ایسے حادثات پیش آتے رہے جن میں وہ چھت سے نیچے حرمِ کعبہ کے صحن میں گر کر جاں بحق ہو گئے۔

اور کئی ایسے واقعات بھی تھے جن میں حالات سے پریشان افراد نے چھت سے کُود کر اپنی جان دے دی۔ خود کُشی کے اس طرح کے واقعات حُرمتِ کعبہ کے شایانِ شان نہیں ہیں۔ اس لیے چھت پر حفاظتی جنگلہ لگا دیا گیا ہے کہ نہ تو کوئی شخص چھت سے حادثاتی طور پر گرے اور نہ ہی کوئی جان بُوجھ کر وہاں سے خود کُشی کی خاطر چھلانگ لگائے۔

(جاری ہے)

ایک دو بار تو اس خود کُشی کی کوشش کے دوران حرم میں موجود افراد بھی زخمی ہو چکے ہیں۔

اگرچہ خود کُشی کے یہ واقعات بہت زیادہ نہیں، پھر بھی ان واقعات کا مکمل طور پر سدباب کرنے کے لیے حفاظتی باڑ لازمی تھی۔ حرم شریف کی چھت پر لگائی گئی باڑ 500 میٹر لمبی ہے جبکہ اس کی اُونچائی 3.23 میٹر ہے۔ جبکہ رمضان کی آمد پر زائرین اور معتمرین کے لیے باب الملک عبدالعزیز بھی کھول دیا گیا ہے۔ یہ حرم شریف کا سب سے بڑا دروازہ ہے، جس پر کافی عرصے سے کام چل رہا تھا۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں