مسجد الحرام میں رمضان کے موقع پر ذہنی مریضوں پر نظر رکھی جائے گی

ماضی میں ذہنی مریضوں کی جانب سے اکثر خانہ کعبہ میں ہنگامہ برپا کرنے کے واقعات پیش آتے رہے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 6 مئی 2019 11:48

مسجد الحرام میں رمضان کے موقع پر ذہنی مریضوں پر نظر رکھی جائے گی
مکّہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین- 6 مئی 2019ء) حرم شریف میں ذہنی مریضوں پر نظر رکھنے کے لیے سپیشل فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ یہ بات مسجد الحرام کی سیکیورٹی فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر یحییٰ العقیل نے بتائی۔ اُن کا کہناتھا کہ مسجد الحرام میں رمضان المبار ک کے موقع پرذہنی مریضوں پر نظر رکھنے اور اُنہیں مطلوبہ نگہداشت فراہم کرنے کے لیے سپیشل فورس تعینات کر دی گئی ہے۔

سعودی آن لائن اخبار سبق نیوز کے مطابق بریگیڈیئر یحییٰ العقیل نے حرمِ کعبہ میں آنے والے ذہنی مریضوں کے اہلِ خانہ سے اپیل کی ہے کہ وہ ان پر خصوصی نظر رکھیں اور اُن کا پل پل کا دھیان رکھیں۔ اس سلسلے میں ذہنی مریضوں سے نمٹنے کے لیے سپیشل فورس کے اہلکاروں کو انسانی بنیادوں پر معاملات طے کرنے کی تربیت دی گئی ہے، اس سپیشل فورس میں خواتین اہلکار بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس سپیشل فورس کی تعینات کا مقصد عمرہ اور زیارت کی غرض سے آنے والے افراد کو ذہنی مریضوں کے حملوں اور اشتعال سے بچانا ہے۔ بریگیڈیئر یحییٰ العقیل نے مزید بتایا کہ ان مرےضوں کے اہلِ خانہ ان کو اس نیت سے حرم شریف لے جاتے ہیں کہ وہاں ان کی نفسیات پر اچھا اثر پڑے گا لیکن اہلِ خانہ عبادت کے عبادت میں مصروف ہونے کے دوران جب ان مریضوں پر توجہ نہیں رہتی، تو یہ ہنگامہ برپا کر دیتے ہیں۔

بریگیڈیئر یحییٰ نے والدین سے کہا کہ وہ بچوں کے ہاتھوں میںایسے کڑے ڈالیں جن پر رہائش اور رابطہ نمبر کی تفصیلات درج ہو۔ اس طرح ان گم شدہ بچوں کو والدین تک پہنچانے میں آسانی رہتی ہے۔ حرم شریف میں موجود سیکیورٹی اہلکاروں کو بہت سارے اہداف دیئے گئے ہیں جن میں یہاںآمد و رفت کو منظم رکھنا، تراویح کے بعد مسجد الحرام میں داخلے پر عارضی پابندی نافذ کرانا، بوڑھوں اور مریضوں کو آنے جانے میں تعاون دینا اور راستہ بھول جانے والے خاص طور پر بچوں کی رہنمائی کرنا ہے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں