رمضان المبارک کے دوران مسجد الحرام میں آبِ زمزم کے لیے 10 ہزار نئی بوتلیں پہنچا دی گئیں

مسجد الحرام میں زائرین کے لیے پہلے سے 15 ہزار بوتلیں موجود ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 1 جون 2019 13:48

رمضان المبارک کے دوران مسجد الحرام میں آبِ زمزم کے لیے 10 ہزار نئی بوتلیں پہنچا دی گئیں
ریاض( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،یکم جُون2019ء) سعودی عرب میں رمضان المبارک کی آمد آمد ہے۔ سعودی مملکت میں ہر سال رمضان کے موقع پر خاص انتظامات کیے جاتے ہیں۔ کیونکہ حج کے بعد فرزندانِ توحید کا سب سے بڑا اجتماع رمضان المبارک کے موقع پر ہوتا ہے۔ اس دوران لاکھوں کی تعداد میں معتمرین سعودی عرب کا رخ کرتے ہیں۔ اتنی بڑی تعداد میں موجود زائرین کو سحری و افطاراور زیارت سے متعلق سہولتیں فراہم کرنا ایک چیلنج سے کم نہیں ہوتا۔

اس بار بھی خادمین حرمین شریفین کی جانب سے بھرپور انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ روزہ کی حالت میں لاکھوں زائرین کو مذہبی فرائض کی ادائیگی کے دوران کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ حرمین شریفین کی انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مسجد الحرام میں آب زمزم کے لیے 10 ہزار نئی بوتلیں پہنچا دی گئیں۔

(جاری ہے)

مسجد الحرام میں زائرین کے لیے پہلے سے 15 ہزار بوتلیں موجود تھیں جبکہ نئی بوتلوں کے آنے سے ان کی تعداد 25 ہزار ہو گئی ہے۔

ان بوتلوں میں آبِ زم زم بھر کر عمرہ زائرین اور نمازیوں کو فراہم کی جاتی ہیں۔ آبِ زم زم کی سہولت کے لیے مسجد الحرام کے احاطے میں 650 ماربل اسٹیشنز قائم ہیں جبکہ 216 سٹیل ٹینکوں میں بھی پانی بھرا جا سکتا ہے۔ جبکہ حرمین شریفین کے انتظامی اہلکار بھی مطاف اور دیگر عبادت کے مقامات پر زمزم کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے پانچ ہزار سے زائد خدمت گار حرمین شریفین میں تعینات کیے گئے ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر زائرین کو 300 ٹن آبِ زم زم مہیا کر رہے ہیں۔ یہ نئی بوتلیں انتہائی عمدہ معیار کی ہیں اور شدید گرمی کے موسم میں بھی پانی کو ٹھنڈا رکھتی ہیں۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں