حاجیوں کو پریشانی سے بچانے کے لیے حج مقامات کے رہنما نقشے مہیا کر دیئے گئے

نئے نقشوں میں خیموں کے مقام، منیٰ، مزدلفہ اور عرفات کے علاوہ مونو ریل اسٹیشنز اور بسوں کی پارکنگ کی بھی نشاندہی کی گئی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 9 اگست 2019 11:09

حاجیوں کو پریشانی سے بچانے کے لیے حج مقامات کے رہنما نقشے مہیا کر دیئے گئے
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9اگست2019ء) سعودی عرب میں حج کے موقع پر ہر سال 25 سے 30 لاکھ مقامی اور غیر مُلکی عازمین کا اجتماع ہوتا ہے۔ ایسے میں ہزاروں حاجی اپنے مطلوبہ مقام تک پہنچنا بھول جاتے ہیں۔ اُردو نیوز کے مطابق رواں سال راستہ بھُول جانے والے حاجیوں کی رہنمائی کے لیے حج مقامات کے خصوصی نقشے چھاپے گئے ہیں، جو ہر حاجی کو فراہم بھی کر دیئے گئے ہیں۔

یہ رہنما نقشے مکہ مکرمہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے حاجیوں کو گمشدگی سے بچانے کیلئے جاری کئے ہیں۔ جو اپنی نوعیت کی منفرد کوشش ہے۔ انتظامیہ کے مطابق منیٰ ، مزدلفہ اور عرفات کے رہنما نقشوں کی بدولت حاجی حضرات اپنے کیمپ تک پہنچنے کیلئے زیادہ مناسب اور موزوں راستے کا انتخاب کر سکیں گے۔شدید ہجوم میں پھنس جانیوالے حاجیوں کو اپنی منزل تک پہنچنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

حج مقامات کے ان نئے نقشوں میں خیموں کا محل وقوع متعین کیا گیا ہے۔منیٰ ، مزدلفہ اور عرفات کے اہم مقامات کو اُجاگر کیا گیا۔مونو ریل کے اسٹیشنوں اور بسوں کی پارکنگ کی جگہیں اُجاگر کی گئی ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ منیٰ کاآغاز کہاں سے ہوتا ہے اور کہاں اسکی آخری حد واقع ہے۔ اسی طرح مزدلفہ اور عرفات کی ابتداء اور انتہا بھی نقشوں میں نمایاں کر دی گئی ہے۔اس کے علاوہ گمشدہ حاجیوں کی رہنمائی کیلئے وزارت حج و عمرہ نے منیٰ ، مزدلفہ اور عرفات میں رہنما مراکز قائم کر رکھے ہیں۔سعودی اسکاؤٹس بھی راستہ بھول جانیوالے حاجیوں کی رہنمائی کرتے ہیں۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں