تقریباً 2 لاکھ پاکستانی فریضہٴ حج کی ادائیگی کے لیے حجاز مقدس پہنچ گئے

سرکاری کوٹے پر ایک لاکھ 22 ہزار 975 جبکہ نجی حج اسکیم کے تحت 76 ہزار 755 پاکستانی عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 9 اگست 2019 13:00

تقریباً 2 لاکھ پاکستانی فریضہٴ حج کی ادائیگی کے لیے حجاز مقدس پہنچ گئے
مکّہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9اگست2019ء) اس بار تقریباً 2 لاکھ پاکستانی سرکاری اور نجی کوٹے پر حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے مکّہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔پاکستان کی وزارت حج اور بین المذاہب ہم آہنگی کے ترجمان کے مطابق سرکاری کوٹے پر ایک لاکھ 22 ہزار 975 جبکہ نجی حج اسکیم کے تحت 76 ہزار 755 پاکستانی عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ گزشتہ شب کو پاکستانی عازمین دیگر عازمین حج کے ساتھ مناسکِ حج کی ادائیگی کے لیے منیٰ کی جانب روانہ ہوئے۔

العربیہ نیٹ کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت حج پروازوں کا آپریشن گذشتہ روز مکمل ہوگیا تھا جبکہ نجی اسکیم کے تحت بعض پروازوں کی جمعرات کو بھی آمد ہورہی ہے۔مکہ مکرمہ میں پاکستان کے حج مشن نے موسسہ جنوب ایشیا اور مکاتب کے ساتھ تعاون کے ذریعے عازمین حج کے مناسک کی ادائی اور مشاعر مقدسہ تک پہنچانے کے لیےانتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

(جاری ہے)

مکاتب کی جانب سے مِنی کی خیمہ بستی میں قیام کے لیے کارڈ عازمین حج کو ان کی رہائش گاہوں پر تقسیم کردیے گئے ہیں اور مکہ مکرمہ کے علاقے العزیزیہ اور دوسرے علاقوں میں واقع پاکستانی حجاج کی اقامتی عمارتوں میں منیٰ میں خیموں اور شاہراہوں کے نقشے بھی فراہم کردیے گئے ہیں تاکہ حجاج کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

عازمین کو ان کی اقامت گاہوں سے بسوں اورٹرین کے ذریعے منیٰ لے جایا جائے گا۔البتہ ٹرین اسٹیشنوں سے دور واقع مکاتب کے عازمین حج کی عرفات روانگی اور واپسی بسوں کے ذریعے ہو گی۔پاکستانی حجاج کرام کو منیٰ اور مزدلفہ میں ان کے خیموں میں کھانا مہیا کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں