غیر قانونی حاجیوں کو روکنے کے لیے مکّہ مکرمہ کے داخلی راستوں پر چیک پوسٹیں قائم کر دی گئیں

سیکیورٹی اہلکار اب تک لاکھوں افراد کو حج پرمٹ نہ ہونے کی بناء پر واپس بھیج چکے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 10 اگست 2019 11:38

غیر قانونی حاجیوں کو روکنے کے لیے مکّہ مکرمہ کے داخلی راستوں پر چیک پوسٹیں قائم کر دی گئیں
مکّہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10اگست2019ء) مکّہ مکرمہ میں غیر قانونی طور پر حج کی کوشش کرنے والے افراد کے ارادوں کو ناکام بنانے کی خاطر مکّہ مکرمہ کے تمام داخلی راستوں پر چیک پوسٹیں قائم کر دی گئی ہیں۔ اب تک سیکیورٹی اہلکاروں نے کئی لاکھ افراد کو حج پرمٹ کے بغیر مکّہ مکرمہ داخل ہونے کی کوشش کے دوران پکڑ کر انہیں واپس روانہ کر دیا ہے۔

سیکیورٹی حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اگر حج پرمٹ کے بغیر لوگوں کو فریضہ حج ادا کرنے کی اجازت دے دی جائے تو ایسی صورت میں حج آپریشن کو منظم اندا ز سے انجام دینے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ماضی میں بھی ہزاروں افراد غیر قانونی طور پر مکّہ میں حج کے آغاز سے پہلے ہی آ کر مقیم ہو جاتے، اور اس طرح غیر قانونی طور پر حج کی سعادت حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتے۔

(جاری ہے)

مگر ضرورت سے زائد تعداد کی وجہ سے انتظامیہ کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ اس وجہ سے غیر قانونی عازمین حج کو روکنے کے لیے مکّہ مکرمہ کے داخلی پرراستوں پر اس بار حج سیزن سے کچھ روز پہلے ہی چیک پوسٹیں قائم کر دی گئیں۔ سب سے بڑی چیک پوسٹ جدہ سے مکّہ آنے والی ہائی وے پر مستقل طور پر قائم ہے، اس مرکزی چیک پوسٹ کو شمیسی کے نام سے پُکارا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ بھی درجنوں داخلی راستوں پر عارضی چیک پوسٹ قائم کی گئی ہیں۔ جہاں پر متعین اہلکار صرف انہی لوگوں کو مکّہ شہر میں داخلے کی اجازت دیتے ہیں جن کے پاس حج پرمٹ یا مکّہ میں انٹری کا پاس موجود ہوتا ہے۔اس مقصد کے لیے چیک پوسٹ پر متعین اہلکارو ں کو مخصوص آئی پیڈ فراہم کیے گئے ہیں جن کے ذریعے حج پرمٹ کی جانچ کی جاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں