پاکستانی ڈاکٹر 72 سال کی عمر میں پہلی بار فریضہ حج ادا کرنے پہنچ گئے

ڈاکٹر وسیع احمد نے بتایا کہ وہ ساری زندگی مریضوں کی خدمت میں مصروف رہنے کے باعث حج نہ کر سکے تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 10 اگست 2019 11:59

پاکستانی ڈاکٹر 72 سال کی عمر میں پہلی بار فریضہ حج ادا کرنے پہنچ گئے
مکّہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10اگست2019ء) اس بار حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے ایک پاکستانی ڈاکٹر بھی مکّہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔ مگر اصل بات تو یہ ہے کہ ڈاکٹر وسیع احمد پہلی بار حج کی سعادت حاصل کر رہے ہیں اور وہ بھی اس وقت، جب اُن کی عمر 72 سال کے ہندسے کو عبور کر چکی ہے۔ اُردو نیوز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاکستانی ڈاکٹر وسیع احمد پہلی بار حج کرنے سعودی عرب آئے ہیں، چونکہ اس بڑھاپے میں اُن کی صحت اجازت نہیں دیتی کہ وہ مناسکِ حج خود ادا کر سکیں، اس لیے اُن کا بیٹا بھی اس مقدس سفر میں اُن کے ہمراہ ہے۔

انہوں نے بیٹے کی مدد سے ہی وہیل چیئر پر خانہ کعبہ کا طواف کیا ہے۔ جبکہ صفا اور مروہ کی سعی کی، 8 ذو الحج بمطابق 9 اگست سے حج کا چھ روزہ سفر بھی بیٹے کی مدد سے طے کریں گے۔

(جاری ہے)

جب ڈاکٹر وسیع احمد سے یہ پوچھا گیا گیا کہ انہوں نے حج کا مقدس فریضہ ادا کرنے میں اتنی تاخیر کیوں ک دی۔ تو ان کا جواب تھا کہ وہ زندگی کا سارا عرصہ مریضوں کو صحت یاب کرنے میں لگے رہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہرروز میری خواہش اور کوشش ہوتی کہ کوئی نہ کوئی زخمی میرے ہاتھوں ٹھیک ہو جائے۔ کام کا دباوٴ اتنا تھا کہ اپنی دلچسپی کا کچھ بھی نہیں کر سکا۔ اب زندگی سے متعلق میرا نظریہ بدل گیا ہے۔ خانہ کعبہ کو پہلی بار دیکھ کر میرے اندر انقلاب برپا ہو گیا ہے۔ اب میرا عزم ہے کہ سال میں کم از کم ایک مرتبہ عمرہ ادا کرنے یہاں ضرور آوٴں۔ ارادہ یہ بھی ہے کہ جب تک یہاں رہوں گا خانہ کعبہ سے اپنی نظریں نہیں ہٹاؤں گا۔ڈاکٹر وسیع احمد کے بیٹے نے اپنے باپ کے حج کی کہانی یہ کہہ کر بیان کی کہ میرا خواب تھا کہ والدین کو حج کراؤں، آغاز ابا جان سے کیا ہے آئندہ سال اماں کو حج پر بلاؤں گا۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں