غیر مُلکی حاجیوں نے اس بار سعودی عرب میں ریکارڈ شاپنگ کر لی، پاکستانی سرفہرست

حاجیوں نے زیادہ تر شاپنگ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور اس کے مضافاتی شہر الحرمین گیٹ سے کی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 20 اگست 2019 10:55

غیر مُلکی حاجیوں نے اس بار سعودی عرب میں ریکارڈ شاپنگ کر لی، پاکستانی سرفہرست
مکّہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،20 اگست 2019ء) سعودی عرب میں فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد حاجی اب خوش و خُرم اپنے وطن واپسی کے انتظار میں ہیں، جبکہ لاکھوں لوگوں کی واپسی ہو چکی ہے۔ ایک سعودی اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس بار غیر مُلکی حاجیوں نے سعودی عرب میں شاپنگ کا ریکارڈ بنالیا ہے۔ ان شاپنگ کرنے والوں میں پاکستانی سرفہرست ہیں۔

حجاج اپنے رشتے داروں اور دوست احباب لیے مقدس مقامات سے یادگار کے طور پر تحائف خریدنے میں مصروف ہیں۔ حاجیوں نے زیادہ تر شاپنگ، مکہ مکرمہ، جدہ، مدینہ منورہ اور اس کے مضافاتی شہر الحرمین گیٹ سے کی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق اس بار حاجیوں نے گزشتہ سال کے مقابلے میں 400 فیصد سے زائد تحائف خریدے ہیں۔ حجاج کی جانب سے مختلف اقسام کی کھجوریں، مسواکیں، آب زم زم، جائے نماز، عطریات، تسبیحیں، خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کے ماڈلز، ویڈیو گیمز، الیکٹرانک آلات، سونے کے زیورات، گھڑیاں اور مردانہ و زنانہ ملبوسات خاص طور پر خریدے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایوان صنعت و تجارت کے ایک رُکن محمد سعد القرشی کے مطابق حجاج نے اس بار 30 ملین ریال سے زائد کے یادگاری تحائف خریدے ہیں۔ اس وقت ایک گھڑی 300 ریال سے 1500 ریال میں فروخت کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے ہر حاجی کو قرآن کریم کا نسخہ تحفے کے طور پر دیا جا رہا ہے۔جو کہ ہوائی اڈوں ، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں پر سفر کے دوران دیا جا تا ہے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں