سعودی شہریوں کی جانب سے پاکستانی اور دیگر غیر مُلکی حاجیوں کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام

میزبانوں کی جانب سے مہمان حاجیوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 22 اگست 2019 10:39

سعودی شہریوں کی جانب سے پاکستانی اور دیگر غیر مُلکی حاجیوں کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام
مکّہ معظمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،22 اگست 2019ء) سعودی حکومت اور عوام حجاج کرام کی خدمت میں ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں اور کوئی مہمان نوازی کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔ اس بار بھی سعودی حکومت کی جانب سے حجاج کرام کے قیام و طعام اور سفر کے حوالے سے بہترین انتظامات کیے گئے تھے۔ مکّہ معظمہ کے شہریوں نے اس بار بھی حجاج کرام کے لیے اپنے خصوصی برادرانہ جذبات کا اظہار کیا۔

مکّہ کے رہائشیوں کی جانب سے حج کی غرض سے آئے 400 غیر مُلکیوں کے لیے ایک پُرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں پاکستانی اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے 400 حجاج کرام کو مدعو کیا گیا تھا۔ اس موقع پر میزبانوں کی جانب سے مہمان حاجیوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق حجاج کے لیے اس عشائیے کا اہتمام مکّہ معظمہ کی الششتہ کالونی میں کیا گیا۔

(جاری ہے)

مکّہ کے شہری میزبانوں نے اس دعوت میں شرکت کے لیے آنے والے حجاج کرام میں گُلدستے پیش کیے اور اُنہیں حج کی سعادت حاصل کرنے کی خوشی میں پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔ جس کے بعد اُن کے اعزاز میں شاندار ضیافت دی گئی۔ اس ضیافت میں روایتی عربی پکوان بھی رکھے گئے تھے۔یاد رہے کہ سعودی عرب کے شہروں مکّہ اور مدینہ میں بسنے والے مقامی باشندے حسبِ توفیق ہر سال حجاج کرام کا استقبال کرتے ہیں اور اسلامی جذبہ اخوت کے تحت ان کی خدمت میں پیش پیش رہتے ہیں۔مہمان حجاج نے مقامی شہریوں کی جانب سے اس دعوت پر اُن کا بہت شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں