مکہ مکرمہ پولیس نے ہُنڈی کا کاروبار کرنے والے غیر مُلکی درزی کو گرفتار کر لیا

النکاسہ کی ایک دُکان پر کام کرنے والے ملزم کے قبضہ سے چار لاکھ ریال بھی برآمد کر لیے گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 30 ستمبر 2019 11:15

مکہ مکرمہ پولیس نے ہُنڈی کا کاروبار کرنے والے غیر مُلکی درزی کو گرفتار کر لیا
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،30 ستمبر 2019ء) مکہ مکرمہ پولیس کی جانب سے ایک غیر مُلکی درزی کو ہُنڈی کا کاروبار کرنے کے شُبہ میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ جبکہ ملزم کے پا س سے موقع پر چار لاکھ ریال بھی برآمد ہوئے۔ مقامی پولیس ترجمان کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ ملزم کا تعلق ایک ایشیائی ملک سے ہے۔ جو مکہ مکرمہ کے علاقہ النکاسہ میں واقع ایک دُکان میں کپڑوں کی سلائی کا اڈا بنائے بیٹھا تھا تاہم مبینہ طور پر وہ ہُنڈی کا کاروبار کرتا تھا۔

پولیس کے مطابق اس ایشیائی درزی کی دُکان پر مردوں کا کافی رش لگا رہتا تھا، جس کی وجہ سے علاقے کے پولیس اہلکاروں کو شک ہوا تو اس دُکان کی نگرانی کا عمل شروع کر دیا گیا۔ دُکان پر آنے والے افراد زیادہ تر غیر مُلکی ہوتے تھے۔

(جاری ہے)

جب تفتیش کرنے والے پولیس اہلکاروں نے مشکوک سرگرمیا ں دیکھیں تو انہوں نے اپنے اعلےٰ افسران کو اس بارے میں اطلاع دے دی۔

جس کے بعد پولیس نے ایک چھاپہ مار ٹیم تشکیل دے کر دُکان کی تلاشی لی تو وہاں سے 4 لاکھ ریال برآمد ہوئے۔ جب پولیس نے اس ایشیائی درزی سے اتنی بڑی رقم کی ملکیت کے حوالے سے سوال کیا تو وہ کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔ جس پر اسے گرفتار کر کے پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ اُس نے درزی کی دُکان سیکیورٹی اہلکاروں کو دھوکا دینے کی غرض سے بنائی ہوئی تھی۔ دراصل یہ جگہ اُس کے لیے ہُنڈی کا اڈہ تھا۔ وہ غیر مُلکیوں سے رقم وصول کر کے انہیں غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کیا کرتا تھا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں ہُنڈی کے کاروبار کی ممانعت ہے۔ اور اس کاروبار میں ملوث افراد کو جیل کی سزا کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں