سعودی عرب میں بارش سے کئی علاقے زیر آب آ گئے

آج اور کل بھی کئی علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 3 اکتوبر 2019 11:22

سعودی عرب میں بارش سے کئی علاقے زیر آب آ گئے
مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔3اکتوبر2019ء) سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مملکت میں موسم برسات کا آغاز ہو چکا ہے۔ جس کے باعث سعودی عرب میں گزشتہ روز بارش سے کئی علاقے زیر آب آ گئے۔ مکہ اور دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات و تحفظ ماحولیات نے آج کی رات اور کل بھی کئی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

جبکہ کئی علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق جازان، مکہ مکرمہ اور صبیا کمشنر میں پانی کھڑا ہونے کے باعث کئی علاقوں میں سکول بند کر دیئے گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مدینہ منورہ ریجن میں اوسط درجے کی بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ مکہ مکرمہ، الباحہ، جازان اور عسیر ریجن میں درمیانے درجے کی بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، کئی علاقوں میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات نے مزید امکان ظاہر کیا ہے کہ مکرمہ مکرمہ ریجن کے علاقوں میں اضم، طائف، خلیص اور دیگر علاقوں میں بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چلیں گی جبکہ الباحہ ریجن میں جمعرات کو گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ مملکت کے مشرقی و جنوب مغربی علاقوں میں بُدھ کی رات اور جمعرات کی صبح گہری دُھند چھائی رہے گی۔ بارش کے باعث مکہ مکرمہ کی اُم القریٰ یونیورسٹی میں طلبہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی وجہ سے یونیورسٹی میں تعطیل کر دی گئی۔ محکمہ شہری دفاع کی جانب سے بھی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شاہراہوں پر سفر کرتے وقت گاڑی کی رفتار دھیمی رکھیں اور خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں