سعودی مملکت میں شدید بارش ، اکثر مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی

مکہ مکرمہ میں موسلادھار بارش کے باعث اکثر مقامات پر پانی کھڑا ہو گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 9 اکتوبر 2019 10:02

سعودی مملکت میں شدید بارش ، اکثر مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی
مکہ مکرمہ (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 9 اکتوبر2019ء) گزشتہ روز سعودی عرب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ کئی مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں ہونے والی بارش کے باعث کئی مقامات پر پانی کھڑا ہو گیا جس کے باعث گاڑیوں میں سفر کرنے والے افراد کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، تاہم زیادہ تر لوگ ابرِ رحمت برس جانے پر بہت خوش نظر آئے اورمزید بارشوں کی دُعا مانگ رہے ہیں۔

سعودی عرب کے صحت افزاء مقام طائف میں بھی گزشتہ روز بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی جس سے سارا علاقہ سفیدی سے ڈھک گیا اور ہر طرف یوں معلوم ہونے لگا جیسے چاندی ہی چاندی بکھر گئی ہو۔اس بارش کے باعث موسم کی خُنکی میں مزید اضافہ ہو گیا۔

(جاری ہے)

جنوبی طائف میں میسان گورنری میں بھی بارش اور ژالہ باری نے ایک خوشگوار سماں پیدا کر دیا۔سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے محکمہ موسمیات اور ماحولیاتی تحفظ کی جانب سے پہلے ہی پیش گوئی کر دی گئی تھی کہ مملکت کے علاقوں مکہ مکرمہ، جموم، الخرمہ، طائف، العرضیات، الکامل، المویہ، تربہ، خلیص اور میسان میں شدید بارش کے باعث سیلابی صورتِ حال پیدا ہو سکتی ہے۔

گزشتہ روز ہونے والی بارش کا سلسلہ بیشتر علاقوں میں رات آٹھ بجے تک جاری رہا۔ اس کے بعد آہستہ آہستہ مطلع صاف ہوتا چلا گیا۔تاہم بارشوں کے باعث رات کو موسم خوشگوار رہا۔ آج کے روز بھی کچھ علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں