حرمین شریفین میں نئے ائمہ اور خطباء کا تقرر کر دیا گیا

تقرریوں کی منظوری سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 14 اکتوبر 2019 11:30

حرمین شریفین میں نئے ائمہ اور خطباء کا تقرر کر دیا گیا
مکہ مکرمہ(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14اکتوبر2019ء) حرمین شریفین (خانہ کعبہ اور مسجد نبوی) میں نئے ائمہ کرام اور خطباء کا تقرر کر دیا گیا۔ حرمین شریفین میں امامت اور خطابت کی عظیم سعادت حاصل کرنے والے ان افراد کے تقرر کی منظوری خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے دی گئی۔ ایک سعودی اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خادم حرمین شریفین کی منظوری کے بعد شیخ ڈاکٹر یاسر بن راشد الدوسری کو مسجد الحرام میں امامت کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے جبکہ شیخ ڈاکٹر بندر بن عبدالعزیز بلیلہ اور شیخ ڈاکٹر عبداللہ بن عواد الجہنی امامت کے ساتھ ساتھ خطابت کے فرائض بھی نبھائیں گے۔

جبکہ مسجد نبوی کے لیے شیخ ڈاکٹر خالد بن سلیمان المہنا اور شیخ ڈاکٹر احمد بن علی الحذیفی کو امام تعینات کیا گیا ہے اور شیخ ڈاکٹر احمد بن طالب حمید مسجد نبوی میں امامت کے ساتھ ساتھ خطبہ بھی دیں گے۔

(جاری ہے)

حرمین شریفین کی انتظامیہ کی جانب سے ٹویٹر اکاؤنٹ پر بتایا گیا ہے کہ انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے حرمین شریفین میں شاہی منظوری سے تعینات ہونے والے خوش نصیب ائمہ اور خطباء کے ساتھ ملاقات کی، اور انہیں اس باسعادت تعیناتی پر مبارک باد دینے کے علاوہ سعودی حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا۔

شیخ السدیس نے کہاہے کہ شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان حرمین شریفین کو اولین اہمیت دیتے ہیں۔ واضح رہے کہ اس بار سعودی حکومت کی جانب سے ایک کروڑ سے زائد افراد کو عمرہ ویزہ جاری کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں نے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ گزشتہ کئی سالوں سے مملکت میں عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں میں پاکستانی سرفہرست ہیں۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں