مکّہ مکرمہ کی اسمارٹ پارکنگ کی فیس کے بارے میں تفصیلات ظاہر کر دی گئیں

ایک گھنٹہ کار پارک کرنے پر 5ریال جبکہ 4 گھنٹے تک پارکنگ کے چارجز 15 ریال ادا کرنا ہوں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 8 نومبر 2019 13:07

مکّہ مکرمہ کی اسمارٹ پارکنگ کی فیس کے بارے میں تفصیلات ظاہر کر دی گئیں
مکّہ مکرمہ(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔8نومبر 2019ء) مکرمہ مکرمہ میں مسجد الحرام کے اندر اور باہر ہر طرف زائرین کا تانتا بندھا رہتا ہے۔خصوصاً حج سیزن میں زائرین کو اپنی گاڑیاں پارک کرنے کے حوالے سے شدید مشکلات کا سامنا پڑتا تھا۔ تاہم حالیہ دِنوں میں مسجد الحرام کے قریب بنائی جانے والی عظیم الشان اسمارٹ پارکنگ نے زائرین کی کار پارکنگ کے حوالے سے پریشانی بڑی حد تک گھٹا دی ہے۔

السلیمانیہ محلے میں واقع یہ اسمارٹ پارکنگ مشرق وسطیٰ کی سب سے بڑی کار پارکنگ ہے جس کا افتتاح گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالص الفیصل نے اگست 2019 کو کیا تھا۔ سعودی عرب میں مقیم اکثر مقامی اور تارکین وطن کی اکثریت ابھی تک اس اسمارٹ پارکنگ کے بارے میں بے خبر ہے یا پھر انہیں یہ نہیں پتا کہ یہاں پر کار پارکنگ کے حوالے سے کتنی فیس ادا کرنی ہو گی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ایک سعودی اخبار کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس اسمارٹ پارکنگ میں اگر کوئی شخص ایک گھنٹہ کے لیے گاڑی پارک کرتا ہے تو اُسے 5 ریال ادا کرنا ہوں گے۔ جبکہ اگر چار گھنٹے تک گاڑی پارکنگ کی سہولت سے فائدہ اُٹھایا جائے پھر فیس کی مد میں 15 ریال وصول کیے جائیں گے۔ جبکہ چار گھنٹوں سے زائد اور 24 گھنٹے تک گاڑی پارک کرنے پر 30 ریال وصول کیے جائیں گے۔

یہ اسمارٹ کار پارکنگ مسجد الحرام سے صرف 10 منٹ کی دُوری پر واقع ہے۔گاڑی پارک کرنے کے لیے پہلے پارکنگ اسٹاف سے کارڈ حاصل کرنا ہو گا۔ اس پارکنگ کی ایک خاص بات یہ ہے کہ یہاں آٹو میٹک سسٹم کے تحت گاڑی خالی جگہ پر پارک ہو جاتی ہے۔ اس عظیم الشان پارکنگ کے علاوہ الجمیزة کے علاقے میں بھی ایک اسمارٹ پارکنگ بنانے کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔ جو تقریباً 2 مربع کلومیٹر پر محیط ہے۔ یہاں پر 528 گاڑیاں پارک کرنے کی گنجائش ہے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں