مکہ مکرمہ میں احرام باندھ کر داخل ہونے پر پابندی عائد

سوشل میڈیا میں خبریں گردش کرنے لگیں کہ شہر میں عام لوگوں کو بھی داخل ہونے سے روک دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 18 مارچ 2020 17:56

مکہ مکرمہ میں احرام باندھ کر داخل ہونے پر پابندی عائد
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 مارچ 2020ء) اس وقت سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ مکہ مکرمہ میں عام افراد کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور دیگر مقامات سے مکہ مکرمہ جانے والوں کو داخلی راستوں پر روک روک کر واپس بھیجا جا رہا ہے۔ اُردو نیوز کے مطابق واٹس ایپ پر ایک شخص کی آڈیو فائل وائرل ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مکہ کے داخلی راستوں سے جانے والوں کو واپس بھیجا جا رہا ہے۔

تاہم اس حوالے سے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ آنے پر قطعاً کوئی پابندی نہیں ہے۔ اس حوالے سے پھیلائی جانے والی تمام خبریں حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔ لو گ اس طرح کے بے بنیاد باتوں پر بالکل بھی کان نہ دھریں۔

(جاری ہے)

ہر کوئی جب چاہے مکہ مکرمہ آ جا سکتا ہے، صرف احرام پہننے والے زائرین کے مکہ میں داخلے پر پابندی ہے۔

سیکیورٹی فورسز کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ بات حقیقت سے عاری ہے، کوئی بھی شخص مکہ جا سکتا ہے اور وہاں سے نکل بھی سکتا ہے، کوئی روک ٹوک نہیں البتہ احرام پہننے والے زائرین کے داخلے پر پابندی ہے۔ذرائع نے کہا ہے کہ ’شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے اپیل ہے کہ وہ خبریں مستند ذرائع سے لیں، بے بنیاد باتوں پر یقین نہ رکھیں۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث عمرہ زائرین پر مکمل پابندی لگائی گئی ہے۔

اس کے علاوہ مملکت کو پندرہ روز کے لیے لاک ڈاؤن بھی کر دیا گیا ہے، جس کے بعد کوئی شخص مملکت سے باہر جا سکتا ہے اور نہ مملکت میں آ سکتا ہے۔ تاہم ابھی تک کورونا وائرس پر قابو نہیں پایا جا سکا، ہر گزرتے دن کے ساتھ درجنوں کیسز سامنے آ رہے ہیں، جس کے باعث سعودی حکام اور عوام میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ مکہ میونسپلٹی کی جانب سے ایک اور فیصلہ لیا گیا ہے جس کے تحت میدان عرفات کو زائرین اور مقامی افراد کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

میونسپلٹی کے مطابق جبل رحمت کے میدان کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی خاطر احتیاطی طور پر بند کیا گیا ہے۔سبق ویب سائٹ کے مطابق میونسپلٹی نے واضح کیا ہے کہ زائرین کے علاوہ تفریح کی غرض سے آنے والے مقامی افراد پر بھی جبل رحمت میں داخلے کی عارضی پابندی ہو گی۔واضح رہے کہ کرونا وائرس کے پھیل جانے کے بعد حرمین شریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے مسجد نبوی شریف میں حفاظتی اور احتیاطی اقدامات کی سطح کو مزید بلند کر دیا ہے۔

اس سلسلے میں مسجد نبوی کے اندر جراثیم کش مواد کے ساتھ صفائی کا عمل بڑھا دیا گیا ہے۔ اس کام میں جدید ترین آلات اور مشینوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ مسجد نبوی میں پانی کے کولروں ، گلاسوں اور قالینوں کو دن بھر میں دس مرتبہ صاف کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح نماز کے لیے بچھے قالینوں کی صفوں کے درمیان 1.5 میٹر کا فاصلہ کر دیا گیا ہے تا کہ امراض کے پھیلاوٴ پر روک لگائی جا سکے۔ 

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں