حرم مکی کوزائرین کے طواف کے لیے نہیں کھولا گیا

روزانہ صرف چند افراد کو طواف کی اجازت دی جاتی ہے، سوشل میڈیا پر طواف پر سے پابندی ہٹنے سے متعلق ویڈیو بے بنیاد ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 2 اپریل 2020 14:04

حرم مکی کوزائرین کے طواف کے لیے نہیں کھولا گیا
مکہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اپریل 2020 ء) چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں زائرین کو کعبہ کا طواف کرتے دکھایا گیا تھا۔ ویڈیو پوسٹ کرنے والے نے دعویٰ کیا تھا کہ حرم مکی کو زائرین کے طواف کے لیے کھول دیا گیا۔ تاہم حرمین شریفین کی انتظامیہ کی جانب سے اس معاملے پر وضاحت سامنے آ گئی ہے۔ حرمین کی انتظامیہ کے ایک ذمہ نے بتایا ہے کہ حرم مکی میں ابھی عام طواف کی اجازت نہیں دی گئی، البتہ روزانہ چند افراد کو ہی طواف کرنے دیا جا رہا ہے، جن کی تعداد چند درجن ہوتی ہے۔

اُردو نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انتظامیہ کے مطابق حرم مکی کے صحن میں طواف کو عام حالت کے مطابق نہیں کھولا گیا جبکہ صرف چند افراد کو باری باری مطاف میں جانے کی اجازت دی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ ماہ رجب کی 10تاریخ سے کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیراختیار کرتے ہوئے عمرہ عارضی طور پر موقوف کردیا گیا تھا۔ عارضی طور پرعمرہ روکنے کے بعد حرم مکی عشا کی نماز کے ایک گھنٹے بعد بند کردیا جاتا ہے اور فجر سے ایک گھنٹہ قبل کھولاجاتا ہے۔

عمرہ زائرین پرعارضی طور پرپابندی عائد کیے جانے کے بعد مسجد الحرام میں پانچوں وقت کی نماز ادا کی جاتی ہے تاہم طواف کے لیے صحن مطاف میں انتہائی محدود تعداد میں لوگوں کو جانے کی اجازت دی جاتی ہے۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ’حرم شریف اور صحن مطاف کو مسلسل جراثیم کش ادویات سے صاف کیا جاتا ہے یہ عمل دن میں پانچ بار کیاجاتا ہے تاکہ حرم شریف کو ہر قسم کے جراثیم سے محفوظ رکھا جائے اس ضمن میں اہلکارصحن مطاف کے علاوہ سیڑھیوں اور ریکس کو بھی جراثیم کش ادویات سے صاف کرتے ہیں۔

عمرہ پرعائد پابندی کے بعد سے حرم مکی الشریف کے صرف مرکزی دروازوں کو کھولا جاتا ہے جبکہ دیگر تمام دروازے بند رہتے ہیں۔سوشل میڈیا پرگزشتہ دنوں سے وڈیو وائرل ہورہی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ حرم مکی میں صحن مطاف کو عمومی طور پر کھول دیا گیا ہے۔ حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ مطاف بند ہی نہیں کیا گیا تھا بلکہ کعبہ شریف کے اطراف حفاظتی دیوار لگا کرانتہائی محدود تعداد میں لوگوں کو طواف کرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔
حرم مکی کوزائرین کے طواف کے لیے نہیں کھولا گیا

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں