مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں عام لوگوں کو عید کی نمازپڑھنے کی اجازت نہیں دی گئی

صرف حرمین شریفین کی انتظامیہ اور خُدام ہی ان مقدس مقامات پر عید کی نماز ادا کر سکیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 23 مئی 2020 16:53

مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں عام لوگوں کو عید کی نمازپڑھنے کی اجازت نہیں دی گئی
ریاض( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23مئی 2020ء) آج صبح سعودی میڈیا پر یہ خبر دی گئی تھی کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزالسعود نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں عید الفطر کی نماز کی ادائیگی کی اجازت دے دی ہے۔ اس خبر پر دُنیا بھر کے مسلمانوں کی جانب سے بہت خوشی کا اظہار کیا گیا تھا، تاہم اس حوالے سے اہم وضاحت سامنے آئی ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دونوں مقدس مقامات پر عوام کو عید الفطر کی نماز کی ادائیگی کی اجازت نہیں ہے، صرف حرمین شریفین کا عملہ ہی مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز عید ادا کرے گا۔

عام افراد کا داخلہ مکمل طور پر بند ہو گا۔ نماز عید کے دوران سماجی دُوری اور دیگر احتیاطی تدابیر پر پوری طرح عمل درآمد ہو گا۔ جبکہ مملکت کی دیگر مساجد میں عید کی نماز ادا نہیں کی جائے گی، البتہ موذن حضرات بند مساجد میں لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے فجر کی نماز کے بعد سے لے کر عید کی نماز کی ادائیگی کے وقت تک تکبیریں بلند کریں گے۔

(جاری ہے)

رمضان المبارک کے دوران بھی عام افراد کو حرمین شریفین میں داخلے کی اجازت نہیں تھی۔

تراویح اور تہجد کی نمازوں میں بھی صرف حرمین کے عملے نے ہی شرکت کی۔ واضح رہے کہ آج صبح یہ خبر شائع ہوئی تھی کہخادم حرمین شریفین سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے ایک شاہی فرمان کے ذریعے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز عید کے اجتماع کی اجازت دے دی گئی ہے۔حرمین شریفین میں نماز عید کے اجتماع کے حوالے سے حرمین کی انتظامیہ کے سربراہ اور امام کعبہ شیخ پروفیسر عبدالرحمان بن عبدالعزیز السدیس نے اعلان کیا ہے کہ دونوں مقدس مقامات پر عید کی نماز کی اجازت ہو گی۔

شیخ عبدالرحمان السدیس نے کہا کہ خادمِ حرمین شریفین نے لوگوں کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے، جس سے انہوں نے تمام اُمت مسلمہ کے دل جیت لیے ہیں۔ اس موقع پرامام کعبہ نے دُعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہماری سعودی قیادت کو محفوظ رکھے،مملکت سے جلد از جلد کورونا کا خاتمہ کردے، تاکہ دُنیا بھر کے مسلمان دوبارہ سے اپنے مقدس مقامات کی زیارت کر سکیں۔ تاہم اب وضاحت کر دی گئی ہے کہ صرف حرمین کے ملازمین اور خُدام ہی دونوں مقامات پر عید کی نماز ادا کر سکیں گے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں