آج سے 80 سال پہلے حج کرنا کتنا مشکل تھا، پُرانی ویڈیو وائرل ہو گئی

اس دور میں دُنیا بھر کے زیادہ تر عازمین سخت گرمی میں کئی دِنوں کا سفر اُونٹوں پر طے کرتے تھے،اِکا دُکابسیں چلتی تھیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 5 جون 2020 14:40

آج سے 80 سال پہلے حج کرنا کتنا مشکل تھا، پُرانی ویڈیو وائرل ہو گئی
مکہ مکرمہ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 جون 2020ء) زندگی بھر میں کم از ایک بار حج کی سعادت حاصل کرنا ہر مسلمان کی زندگی کا سب سے بڑا خواب اور خواہش ہوتی ہے۔ اکثر کمزور مالی حیثیت والے افراد حج کی سعادت کرنے کے لیے ساری عمر رقم اکٹھی کرتے رہتے ہیں، اورجب انہیں اللہ تعالیٰ کے گھر سے بُلاوا آ جاتا ہے تو یہ موقع ان کی زندگی کا خوش نصیب ترین لمحہ ہوتا ہے۔

پُرانے وقتوں میں لوگ اپنے حج کی مقبولیت کی نیت سے برصغیر سے پیدل حج کرنے جاتے تھے، جس میں انہیں دو، دو سال بھی لگ جاتے تھے۔ پھر ذرائع آمد و رفت نے ترقی کر لی اور آج کے دور میں ہوائی جہاز کے سفر نے حجاز مقدس کا سفر سات، آٹھ گھنٹوں تک محدود کر دیا ہے۔ تاہم آ ج سے 80 سال قبل بھی حج کرنے میں کتنی تکلیفوں اور صبر آزما مرحلوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا، اس کا اظہار ایک پُرانی ویڈیو سے ہوتا ہے، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

یہ بلیک اینڈ وائٹ ویڈیو 1938ء کے حج کے موقع پر بنائی گئی ہے، اس لحاظ سے یہ 82 سال پُرانی ہے۔ اس ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ آج سے کئی دہائیوں قبل حاجیوں کے لیے ٹرانسپورٹ ، رہائش اور کھانے پینے سے متعلق سہولیات نہ ہونے کے برابر تھیں۔ سعودی مملکت میں آنے کے بعد بھی حاجیوں کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ پہنچنے میں کئی ہفتے لگ جاتے تھے۔

حاجیوں کو تپتی ہوئی گرمی میں اُونٹوں پر سفر کرنا پڑتا تھا۔ کیونکہ اس وقت بسوں کی سہولت بہت کم دستیاب تھی۔ کوئی اکا دُکا بسیں ہی چلتی تھیں جن میں چند درجن حاجی ہی سفر کر پاتے تھے مگر یہ بسیں بہت ریگستانوں اور پتھریلے علاقوں سے گزرنے کے باعث بہت جلد کھٹارا ہو جاتی تھیں۔ ان کا کرایہ ادا کرنا زیادہ حاجیوں کے بس کی بات نہیں تھی۔ حاجیوں کو ایئر کنڈیشنڈ بسوں کی بجائے خیموں میں ٹھہرایا جاتا تھا۔

جبکہ مناسک حج بھی تمام وقت کُھلے میدان میں ادا کیے جاتے تھے،گرمی کی شدت حاجیوں کے صبر اور مذہبی جوش و خروش کا صحیح معنوں میں امتحان لیتی تھی۔ مگر وہ بڑی استقامت کے ساتھ اللہ اور اس کے رسول کی خوشنودی کی خاطر تمام مذہبی فرائض پُورے جذبے سے ادا کرتے تھے۔اس ویڈیو کو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین نے بہت حیرت کا اظہار کیا ہے اور شُکر ادا کیا ہے کہ آج کے دور میں حج کرنا ماضی کے مقابلے میں کتنا آسان ، باسہولت اورآرام دہ ہو گیا ہے۔

سعودی حکومت کی جانب سے عازمین حج کو ٹرانسپورٹ اور قیام و طعام کے حوالے سے بہترین اور مثالی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ گزشتہ سال بھی 20 لاکھ سے زائدفرزندان توحید کی حج کی سعادت حاصل کی، جو کہ دور جدید کی ترقی یافتہ ٹیکنالوجی اور سفری سہولیات کے باعث ہی ممکن ہو پایا ہے

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں