مکہ مکرمہ: جوازات کے مکہ ریجن کے ڈائریکٹر بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے

میجر جنرل عابد فیاض الحارثی نے ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد خود کو گھر پر ہی قرنطینہ کر لیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 12 جون 2020 11:35

مکہ مکرمہ: جوازات کے مکہ ریجن کے ڈائریکٹر بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12جون 2020ء) سعودی عرب کے محکمہ جوازات (پاسپورٹ) کے ایک اہم عہدے دار بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ سعودی اخبار المرصد کے مطابق جوازات کے مکہ مکرمہ ریجن کے ڈائریکٹر میجر جنرل عابد بن فیاض الحارثی میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ میجر جنرل الحارثی کی طبیعت کچھ ناساز تھی، جس کے بعد انہوں نے اپنے مختلف طبی ٹیسٹ کروائے ، جس پر ان میں کورونا کا شُبہ ہوا۔

کورونا کا ٹیسٹ کرانے پر ان میں اس موذی وائرس کاشکار ہونے کی تصدیق ہو گئی۔ الحارثی نے کورونا کی تصدیق ہونے کے بعد خود کو گھر پر ہی قرنطینہ کر لیا ہے۔ اور گھر پر ہی علاج کروا رہے ہیں۔ الحارثی نے کہا ہے کہ ان کی حالت ٹھیک ٹھاک ہے۔ تاہم انہیں نہیں معلوم کہ اتنی احتیاط کے باوجود وہ کورونا کا شکار کیسے ہو گئے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا کے 3ہزار733نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 1لاکھ 16ہزار21 ہوگئی ہے جبکہ مزید 38مریضوں کے جاں بحق ہونے کے بعد اموات کی گنتی 857تک پہنچ گئی ہے۔

سعودی وزارت صحت کے ترجمان نے نیوز بریفنگ کے دوران بتایا کہ گزشتہ چوبیس روز کے دوران اس موذی وائرس سے 38 مریض انتقال کرگئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد857 ہوگئی ہے۔جبکہ مزید 2065مریض کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہو گئے، جس کے بعد مملکت میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی کْل گنتی 80,019 ہو چکی ہے۔ جب کہ ایکٹو کیسز کی گنتی 35ہزار ک145 ہوگئی ہے۔

اس وقت1738 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہونے کے باعث انہیں آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔وزارت صحت نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کورون کیسز میں تیزی سے اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کیسز میں اضافے کی بڑی وجہ سماجی فاصلہ برقرار نہ رکھنا اور دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے کو قرار دیا ہے۔لوگوں کی جانب سے ماسک نہ پہننے کو بھی کیسز میں اضافے کی اہم وجہ قرار دیا گیا ہے۔سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے گزشتہ روز ایک نیوز بریفنگ میں خبردار کیا ہے کہ لوگوں نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پیشگی حفاظتی اور احتیاطی تدابیر کو نظرانداز کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہواہے جس کی وجہ سے مملکت میں کووِڈ-19 کے فعال کیسوں کی تعداد اور اموات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں