مکہ مکرمہ میں شاہ فیصل پُل پرخوفناک ٹریفک حادثہ

ٹرک پُل سے نیچے جا گرا،ڈرائیور موقع پر جاں بحق

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 1 جولائی 2020 12:30

مکہ مکرمہ میں شاہ فیصل پُل پرخوفناک ٹریفک حادثہ
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جولائی 2020ء) مکہ مکرمہ میں ایک ٹرک کوخوفناک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ٹرک ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ سعودی ویب نیوز سبق کے مطابق مکہ مکرمہ میں ایک ٹرک بے قابو ہو کر شاہ فیصل پُل سے نیچے جا گرا۔ جس کے نتیجے میں ٹرک ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ یہ حادثہ الشرائع اور مشاعر مقدسہ کی کراسنگ کے مقام پر پیش آیا۔

اتفاق سے سڑک پرجس مقام پر ٹرک نیچے جا کر گرا، اس وقت وہاں پر کوئی گاڑی یا راہگیر موجود نہیں تھا، ورنہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی تھی۔ حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ جاں بحق ڈرائیور کی نعش قریبی ہسپتال منتقل کر دی گئی۔ جبکہ ٹرک گرنے کی وجہ سے جو ٹریفک جام ہو گئی تھی، اسے بحال کرنے کے لیے حادثے کے شکار ٹرک کو جائے حادثہ سے ہٹا دیا گیا۔

(جاری ہے)

حادثے کی وجہ کے بارے میں فی الحال تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ چند روز قبل حائل میں ایک خوفناک حادثے کے نتیجے میں نو افراد جاں بحق ہو گئے تھے جن میں 4 پاکستانی تارکین بھی شامل تھے۔ یہ حادثہ حائل شہر سے 250 کلومیٹر دُور پیش آیا جس کے نتیجے میں دو گاڑیوں میں سوار 9 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ محکمہ شہری دفاع کے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پانچ افرادپر مشتمل سعودی خاندان اپنی گاڑی میں سفر کر رہا تھا جب سامنے سے آنے والی ایک پک اپ ان کی کار سے ٹکرا گئی۔

جس کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ جس کے باعث ایک ہی سعودی خاندان کے پانچ افراد اور پک اپ میں سوار چاروں پاکستانی موقع پر ہی دم توڑ گئے ۔ جب تک ابتدائی طبی امداد کی ٹیمیں موقع پر پہنچتیں، کوئی مسافر بھی زندہ نہیں بچا تھا۔ تمام بدنصیبوں کو حائط کمشنری کے مردہ خانے میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق سعودی فیملی حائل کی رہائشی تھی۔

اس خاندان کا سربراہ حائل میں پولیس سارجنٹ تھے جن کا نام مرزوق الرشیدی بتایا گیا ہے۔ مرزوق اپنی بیوی ، دو بیٹیوں اورایک بیٹے کے ہمراہ اپنے ایک رشتہ دار کے ہاں جا رہے تھے۔ تاہم انہوں نے اپنے 17 سالہ بڑے بیٹے کو گھر پر ہی چھوڑ دیا تھا، ورنہ اس کی زندگی بھی شاید محفوظ نہ رہ پاتی۔ جبکہ پک اپ میں سوار پاکستانی بھی ایک دوسرے کے جاننے والے تھے۔ فی الحال پاکستانی کارکنوں کی شناخت نہیں ہو سکی ۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں