مکہ مکرمہ میں تیز ہوا اور بارشوں سے کئی مقامات پر املاک کو نقصان

الشوقیہ میں سُپر مارکیٹ کے باہر لگے پائپ اُکھڑ کر گرنے سے متعدد گاڑیاں تباہ ہو گئیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 7 اگست 2020 15:17

مکہ مکرمہ میں تیز ہوا اور بارشوں سے کئی مقامات پر املاک کو نقصان
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7 اگست 2020ء) سعودی عرب میں متعدد مقامات پر گزشتہ روز سے بعض مقامات پر تیز اور کہیں کہیں ہلکی بارش ہو رہی ہے، اس کے علاوہ تیز ہوائیں بھی چل رہی ہیں۔گزشتہ رروز مکہ کے علاقوں میں بارشوں اور تیز ہوا کی وجہ سے درجنوں سائن بورڈز گر گئے اور کئی درخت بھی جڑوں سمیت اُکھڑ کر سڑکوں پر جا گرے، جس سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔

کئی مقامات پر پانی بھی کھڑا ہو گیا۔ بارش اور تیز ہواؤں کے نتیجے میں سب سے زیادہ تباہی مکہ کے علاقے الشوقیہ کی ایک مشہور سُپر مارکیٹ کے باہر ہوئی۔ سعودی ویب سائٹ سبق کے مطابق سُپر مارکیٹ کے باہرکئی گاڑیاں تباہ ہو گئیں، جس سے لاکھوں ریال کا نقصان ہوا ہے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سُپر مارکیٹ کی باہری جانب کی مرمت اور سجاوٹ کی خاطر مزدوروں کے سہارے کے لیے لگائے گئے فولڈنگ پائپ ہوا کے زور سے اُکھڑ کر نیچے کھڑی گاڑیوں پر آ گرے ، جس سے کئی گاڑیاں کے شیشے چکنا چُور ہو گئے اور کئیوں کی باڈی بُری طرح متاثر ہوئی۔

(جاری ہے)

خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ٹریفک پولیس کی جانب سے سُپر مارکیٹ کے بیرونی احاطے کو سیل کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ جبکہ متاثرہ گاڑیوں کے مالکان نے سُپر مارکیٹ کی انتظامیہ سے گاڑیوں کے ہونے والے مالی نقصان کا ازالہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔واضح رہے کہ مکہ مکرمہ ریجن کے کئی شہروں طائف میثان، اضم، الجموم، الخرمہ، العرضیات، الکامل، المویہ، بحرہ، تربہ، رنیہ، عرفات، مزدلفہ اور منی میں جمعرات کو رات 9 بجے تک بارش ہوتی رہی-جبکہ نجران، جازان، عسیر اور باحہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ جمعرات کو بھی بارش کا سلسلہ رہا۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں