سعودی عرب میں گرمی کے ستائے افراد کے لیے بڑی خوشخبری

ماہر موسمیات نے اگست اور ستمبر کے مہینوں میں بھی بارشوں کی نوید سُنا دی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 7 اگست 2020 16:36

سعودی عرب میں گرمی کے ستائے افراد کے لیے بڑی خوشخبری
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7 اگست 2020ء) سعودی عرب کا شمار دُنیا کے گرم ترین خطوں میں ہوتا ہے۔ جبکہ گرمی کے دِنوں میں تو یہاں پر سورج آگ برساتا معلوم ہوتا ہے، جس کی وجہ سے گھروں سے باہر نکلنا اجیرن ہو جاتا ہے۔گزشتہ ماہ مملکت میں اتنی گرمی پڑی ہے کہ لوگوں نے گھروں سے نکلنا کم سے کم کر دیا تھا، تاہم گزشتہ روز سے ہونے والی بارشوں نے دہکتی ہوئی زمین کو خاصا ٹھنڈا کر دیا ہے۔

سعودی عرب کے مشہور ماہر موسمیات زیاد الجہنی نے پیش گوئی کی ہے کہ اگست کے آنے والے دنوں اور ستمبر میں بھی وقتاً فوقتاً بارش ہوتی رہے گی جس سے گرمی کی شدت کم ہو جائے گی۔ الجہنی نے بتایا کہ اگلے کئی ہفتوں میں سعودی مملکت کے50فیصد جنوبی علاقوں میں بارش کا زیادہ امکان ہو گا، جبکہ کئی مقامات پر گہرے بادل بھی چھائے رہیں گے، جس سے ہوا میں خنکی بڑھ جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اگلے ایک ہفتے کے دوران مکہ ریجن اور اس کے ساحلی علاقوں میں بھی خاصی بارشیں ہو سکتی ہیں۔ دوسری جانب گزشتہ روز سعودی مملکت میں ہونے والی طوفانی بارشوں کے باعث وادیوں اور نشیبی علاقوں میں کئی فٹ گہرا پانی اکٹھا ہو گیا ہے۔ سعودی محکمہ دفاع کی جانب سے عوام کو خبردارکیاگیا ہے کہ وہ برساتی نالوں، نشیبی علاقوں اور وادیوں کے قریب جانے اور ان کا سفر کرنے سے گریز کریں۔

بچوں کو بھی تالابوں اور ندی نالوں کے پاس مت جانے دیں۔شارٹ کٹ کے چکر میں نشیبی علاقوں اور خراب سڑکوں پر ڈرائیونگ نہ کریں، بلکہ بڑی سڑکوں اور شاہراہوں سے ہی گزریں۔ سیلابی ریلوں کا خاص خیال رکھیں جو کئی بار اپنا رُخ موڑ لیتے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز کی بارش کے بعد طائف اور مکہ مکرمہ کو ملانے والے جبل الکر روڈ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا، جو زیر آب آ گیا تھا۔

آج اسے بارش رُکنے پر بحال کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ مکہ مکرمہ ریجن کے کئی شہروں طائف میثان، اضم، الجموم، الخرمہ، العرضیات، الکامل، المویہ، بحرہ، تربہ، رنیہ، عرفات، مزدلفہ اور منی میں جمعرات کو رات 9 بجے تک بارش ہوتی رہی-جبکہ نجران، جازان، عسیر اور باحہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ جمعرات کو بھی بارش کا سلسلہ رہا۔اس کے علاوہ مدینہ منورہ ، ریاض، الجوف، حائل اور قصیم میں بھی گرد آلود ہوائیں چلتی رہیں۔ 

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں