سعودی عرب کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری

طائف، میثان، اضم، مکہ مکرمہ، القنفذہ میں سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 8 اگست 2020 13:19

سعودی عرب کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8 اگست 2020ء) سعودی عرب میں کڑاکے کی گرمی پڑنے کے بعد یہ ہفتہ خاصا خوشگوار گزر رہا ہے۔ مملکت میں بیشتر علاقوں میں گزشتہ دو روز سے موسلا دھار بارش ہورہی ہے جس کے باعث کئی علاقوں میں پانی اکٹھا ہو گیا ہے اور کئی مقامات پر سیلابی صورت حال بھی پیدا ہو گئی ہے۔ سعودی ویب سائٹ المرصد کے مطابق گزشتہ روز مکہ مکرمہ ریجن کے کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی اور کئی مقامات پر کئی فٹ پانی بھی کھڑا ہو گیا ہے۔

حج مقامات پر بھی کل سہ پہر سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ طائف، العرضیات، اضم اور میثان میں کئی علاقے زیر آب آ گئے ہیں اور پانی کے ریلے گزر رہے ہیں ۔القنذہ کمشنری اس کی تحصیلوں میں بھی بارش کے باعث سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

کئی مقامات پر چٹانیں گرنے سے سڑکیں بند ہو گئیں اور کئی گھنٹے بجلی بھی منقطع رہی۔ حبونہ، بدرالجنوب اور خباش میں بھی خوب بارش برستی رہی۔

جبکہ نجران اور مدینہ میں گرد آلود ہوائیں چلتی رہیں۔ قنقذہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ ایک وادی میں سوڈانی مسافروں کی کار پانی کے ریلے میں بہہ گئی، تاہم کافی دُور جانے کے بعد اس میں سوار افراد نے کسی نہ کسی طرح باہرنکل کر اپنی جان بچا لی۔ محکمہ موسمیات نے آج کے روز بھی مکہ مکرمہ کے کئی علاقوں، باحہ، تہامہ، الجازان اور عسیرکے علاوہ جازان اور اللیث عسیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

جبکہ کئی علاقوں میں اگلے دو روز تک بارش برسنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ سعودی محکمہ دفاع کی جانب سے عوام کو خبردارکیاگیا ہے کہ وہ برساتی نالوں، نشیبی علاقوں اور وادیوں کے قریب جانے اور ان کا سفر کرنے سے گریز کریں۔بچوں کو بھی تالابوں اور ندی نالوں کے پاس مت جانے دیں۔شارٹ کٹ کے چکر میں نشیبی علاقوں اور خراب سڑکوں پر ڈرائیونگ نہ کریں، بلکہ بڑی سڑکوں اور شاہراہوں سے ہی گزریں۔ سیلابی ریلوں کا خاص خیال رکھیں جو کئی بار اپنا رُخ موڑ لیتے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز کی بارش کے بعد طائف اور مکہ مکرمہ کو ملانے والے جبل الکر روڈ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا، جو زیر آب آ گیا تھا۔ آج اسے بارش رُکنے پر بحال کر دیا گیا ہے۔ 

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں