مکہ مکرمہ اور جدہ میں ریڑھی بانوں کے خلاف کریک ڈاؤن

ریڑھی بانوں کی زیادہ تر گنتی پاکستانی باشندوں کی ہے،جو بلدیہ کے بار بار کے کریک ڈاؤن سے شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 11 اگست 2020 11:09

مکہ مکرمہ اور جدہ میں ریڑھی بانوں کے خلاف کریک ڈاؤن
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 اگست 2020ء) سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانی ملازمتیں کرنے کے علاوہ مزید کمائی کے لیے سبزیاں اور پھل بھی بیچتے ہیں، ان میں سے زیادہ تر ریڑھیوں پر سبزیاں پھل لاد کر محلوں میں جاتے ہیں یا کسی جگہ کھڑی کر کے سامان بیچتے ہیں۔ تاہم کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعدسعودی مملکت میں ریڑھی بانوں کی شامت آ گئی ہے، جن کی بڑی تعداد پاکستانیوں پر مشتمل ہے۔

مکہ مکرمہ، جدہ، مدینہ منورہ کے بعد ریاض میں بھی ریڑھی بانوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع ہو گیا ہے۔گزشتہ چند روز کے دوران مکہ مکرمہ کے علاقے العزیزیہ میں بلدیہ نے ریڑھی بانوں اور فٹ پاتھ پر سامان بیچنے والوں کے خلاف چھاپہ مار مہم تیز کر دی ہے۔ جس کے دوران درجنوں ایسے پاکستانی بھی پکڑے گئے جو مملکت میں غیر قانونی طور پر قیام پذیر تھے۔

(جاری ہے)

بلدیہ کے مطابق کئی ریڑھی بان چھاپے کے وقت اپنا سامان چھوڑ کر بھاگ گئے۔ بلدیہ نے 130 کلو گرام قابل استعمال پھل ضبط کر کے ایک فلاحی تنظیم کے حوالے کر دیئے۔ جبکہ جدہ میں بھی ریڑھی بانوں اور خوانچہ فروشوں کے خلاف آپریشن ہوا ہے۔ بلدیات کی جانب سے خصوصی طور پر سڑکوں اور مساجد کے سامنے ریڑھی لگانے والوں کو پکڑا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی شہروں میں ریڑھی پر سبزیاں، پھل اور دیگر سامان فروخت کرنے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

اس صورت حال میں کورونا وبا کے باعث مالی طور پر پریشان ایسے پاکستانی جو ریڑھی لگا کر اپنا گزارہ کر رہے تھے، ان کے لیے بڑی مشکل بن گئی ہے۔ دوسری جانب میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ ریڑھی بانوں پر پابندی لوگوں کی صحت اورآرام و سکون کی خاطر لگائی گئی ہیں۔ جس کی خلاف ورزی پر سزا کا سامنا کرنا ہو گا۔ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ سینکڑوں غیر مُلکی ریڑھی بان گلی محلوں میں جا کر سبزیاں پھل فروخت کرتے ہیں، جس کے باعث ان کے ارد گرد لوگوں کا ہجوم لگ جاتا ہے۔

جس کے باعث کورونا کے متاثرہ افراد سے درجنوں افراد بھی اس موذی مرض کا شکار ہو سکتے ہیں۔ اسی وجہ سے ان ریڑھی بانوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا جا رہا ہے۔ کئی سبزی و پھل فروش غیر معیاری اشیاء بیچ رہے ہیں جس سے لوگوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہوتے ہیں۔شدید گرمی کے باعث ریڑھی پر کھُلے پڑے پھل اور سبزی جلدی گل سڑجاتے ہیں۔ ریڑھیاں لگانے کی وجہ سے ٹریفک کے بہاؤ اور راہگیروں کو بھی چلنے پھرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اس کے علاوہ ریڑھیوں کی وجہ سے شہر کا حُسن متاثر ہوتا ہے۔ ان ساری باتوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے ریڑھی بانوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔شہریوں اور تارکین کو چاہیے کہ وہ ریڑھی والوں سے سامان نہ خریدیں تاکہ وہ اس غیر قانونی کاروبار سے باز آ جائیں۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں