مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی کر دی گئی

آج مکہ اور مدینہ کے کئی ریجن میں گرد کا طوفان اُٹھے گا جس سے سانس لینے میں مشکل پیدا ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 20 اکتوبر 2020 12:19

مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی کر دی گئی
مکہ مکرمہ(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20اکتوبر2020ء ) مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی کر دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج مکہ اور مدینہ ریجن میں موسم انتہائی گرد آلود رہے گا۔ مشرقی سمت سے چلنے والی تیز ہواؤں کے باعث گرد اُٹھے گی۔ جس سے حدِ نگاہ متاثر ہو گی تاہم سانس لینے میں بھی دُشواری کا سامنا ہو سکتا ہے۔ مدینہ منورہ میں گرد آلود ہوائیں شام 5 بجے تک چلتی رہیں گی۔

مدینہ اور مکہ کے علاوہ العیص، المہد، بدر، خیبر اور ینبع میں بھی گرد کا طوفان اُٹھے گا۔ خصوصا کھُلے مقامات اور شاہراہوں پر یہ طوفان شدید ترین ہو سکتا ہے، اس لیے مسافروں اور ڈرائیورز کو خصوصی احتیاط کرنی ہو گی۔ ڈرائیونگ کے دوران بھی رفتار کم رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سعودی عرب میں چند روز پہلے بارشوں کے بعد موسم سرد ہو گیا تھا، جس پر کئی ماہ تک گرمی سے پریشان رہنے والے لوگوں کے چہرے خوشی سے کھل اُٹھے تھے اور وہ دعا کر رہے تھے کہ دوبارہ سے گرمی واپس نہ آئے۔

کئی علاقوں میں تو لوگوں نے کمبل اور گرم کپڑے بھی نکال کر استعمال کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ سعودی عرب کے معروف ماہر موسمیات ڈاکٹر زیاد الجہنی نے خوش خبری سُنائی ہے کہ مملکت میں اگلے دس روز تک سردی کی لہر برقرار رہے گی جس کے باعث درجہ حرارت 30 سینٹی گریڈ سے زیادہ نہیں بڑھے گا، جبکہ راتیں بہت ٹھنڈی ہو جائیں گی۔ بیشتر علاقوں میں رات کے وقت درجہ حرارت 14 سینٹی گریڈ تک کم ہو جائے گا۔ یوں سعودی عر ب میں مقیم افراد خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ 

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں