حرم شریف میں طاق رات کی عبادت کے دوران امام کعبہ پر رقت طاری ہو گئی

الشیخ عبدالرحمن السدیس قیام اللیل کی امامت کے دوران دعائے قنوت پڑھ رہے تھے جب ان کی آواز بھرا گئی، ویڈیو دُنیا بھر میں وائرل

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 8 مئی 2021 10:14

حرم شریف میں طاق رات کی عبادت کے دوران امام کعبہ پر رقت طاری ہو گئی
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8مئی2021ء) کعبہ شریف کے امام و خطیب الشیخ عبدالرحمن السدیس دُنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے انتہائی محترم شخصیت ہیں۔ انہوں نے حرمین شریفین میں گزشتہ چند سالوں کے دوران ایسی سہولتیں متعارف کرائی ہیں جن کی وجہ سے حج اور عمرہ میں بہت آسانی ہو گئی ہے ، معمر ، بیمار اور معذور حضرات بھی مناسک حج و عمرہ سہولت کے ساتھ ادا کر سکتے ہیں۔

الحرمین الشریفین کی انتظامیہ کے سربراہ الشیخ عبدالرحمن السدیس دلنشین انداز میں تلاوت قرآن کی وجہ سے دنیا بھر میں جانے جاتے ہیں۔سعودیہ میں رمضان المبارک کی 25 ویں شب کے موقع پر حرم مکی میں قیام اللیل (تہجد کی نماز) کی امامت کے دوران میں ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس پر دعائے قنوت پڑھتے ہوئے رقت طاری ہو گئی۔

(جاری ہے)

دعا شروع کرانے کے ساتھ ہی شیخ السدیس پر گریہ طاری ہو گیا اور وہ مسلسل روتے رہے۔

اس موقع پر طاق رات میں مسجد حرام میں موجود نمازیوں اور معتمرین نے روئے زمین کے مقدس ترین مقام پر روحانی فضاوٴں میں عبادت انجام دی۔اس ویڈیو کلپ کو دیکھ کر کئی اہل ایمان پر بھی رقت طاری ہو گئی۔ سوشل میڈیا صارفین نے الشیخ السدیس کی لمبی عمر کی دعا کی ہے اور خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ طویل عرصے تک حرمین شریفین کی خدمت کرتے رہیں کیونکہ ان کے دورمیں نمازیوں، حاجیوں اور عمرہ زائرین کو جتنی شاندار سہولیات دی گئی ہیں، وہ پچھلی کئی دہائیوں کے دوران بھی نہیں ملی ہیں۔

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی نماز عشاء کی امامت کے دوران سورہ المعارج کی تلاوت کرتے ہوئے شیخ السدیس اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کی آواز بھر اآئی تھی۔ان کی الفاظ ومعانی میں ڈوب کر کی جانے والی ان کی دوران نماز تلاوت سعودی چینل سے براہ راست نشر ہو رہی تھی، جسے بعد ازاں ان کے چاہنے والوں نے مختصر ویڈیو کلپ کی شکل میں سوشل میڈیا پر نشر کیا تو دیکھتے ہی دیکھتے ایمان افروز تلاوت پر مبنی کلپ سوشل میڈیا پر مقبولیت کے نئے ریکارڈ بنانے لگا۔دنیا بھر سے سوشل میڈیا صارفین ان کی دل موہ لینے والی تلاوت پر پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے پسند اور ری ٹویٹ کر رہے ہیں۔ نماز عشاء کی امامت کے دوران ڈاکٹر السیدیس پہلی رکعت میں سورہ المعارج کی آیت کی تلاوت کر رہے تھے۔ 

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں