کعبہ شریف کے ائمہ کرام نے وزیر اعظم عمران خان کی پاکستان کے دورے کی دعوت قبول کر لی

ائمہ کرام نے وزیر اعظم پاکستان کے اقدامات کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 10 مئی 2021 09:47

کعبہ شریف کے ائمہ کرام نے وزیر اعظم عمران خان کی پاکستان کے دورے کی دعوت قبول کر لی
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10مئی2021ء) پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان ان دنوں سعودی عرب کے خصوصی دورے پر ہیں۔ انہوں نے عمرہ ادا کرنے کے دوران امام کعبہ الشیخ عبدالرحمان السدیس اور دیگر ائمہ کرام سے بھی ملاقات کی اور انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے۔وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات کرنے والے مسجد الحرام کے دیگر ائمہ کرام میں الشیخ السعود الشریم ، الشیخ سعد شاطری اور الشیخ صالح حمید شامل تھے۔

گفتگو کے دوران عمران خان نے عازمین حج وعمرہ کو شاندار سہولتوں کی فراہمی پرخادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو شاندار الفاظ میں سراہا۔خصوصاً کورونا وبا کے دوران زائرین اور عازمین کے لیے اختیار کردہ ایس او پیز کی بھی بہت تعریف کی۔ وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام حرمین شریفین کے لیے بہت زیادہ تقدس کا جذبہ رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

اُمید ہے کہ حالات معمول پر لوٹ جانے کے بعد دنیا بھر کے مسلمان حج اور عمرہ کی برکتوں اور رحمتوں سے مستفید ہوسکیں گے۔ملاقات کے دوران عمران خان نے امام کعبہ الشیخ عبدالرحمن السدیس سے پاکستان کی ترقی و خوش حالی اور پاکستانی عوام کی فلاح وبہبود کے لیے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی ہے۔جبکہ امام کعبہ نے وزیراعظم کے اسلام فوبیا سے نمٹنے کے لیے اقدامات کو سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں جہاں جہاں اردو بولنے اور سمجھنے والے لوگ موجود ہیں،وہیں عمران خان کی قیادت کے اثرات موجود ہیں۔امام کعبہ الشیخ السدیس نے وزیراعظم کو ان کے سعودی عرب کے کامیاب دورے پر مبارک باد پیش کی اور کہا۔کعبہ شریف کے ائمہ کرام کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان اور وزیراعظم کے اقدامات کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔عمران خان نے المسجد الحرام کے ائمہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستان کے عوام انھیں بہت زیادہ عزت وتکریم کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور وطنِ عزیز میں ان کے والہانہ استقبال کے منتظر ہیں۔اس دعوت کے جواب میں ائمہ کا کہنا تھا کہ وہ بہت جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں