مسجد الحرام میں 27 ویں شب کو لاکھوں عبادت گزاروں کا اجتماع ہوا

انتظامیہ نے معمترین اور نمازیوں میں 2 لاکھ سے زائد آب ِ زم زم کی بوتلیں اور ڈبے تقسیم کیے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 10 مئی 2021 10:21

مسجد الحرام میں 27 ویں شب کو لاکھوں عبادت گزاروں کا اجتماع ہوا
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10مئی2021ء) رمضان کا مہینہ برکتوں اور رحمتوں کا مہینہ ہے۔ اس مقدس مہینے کے روزے رکھ کر اور خصوصی عبادات کے ذریعے ہر مسلمان اپنے رب کی خوشنودی حاصل کرنا چاہتا ہے تاکہ اس کے کبیر ہ و صغیرہ گناہوں کی بخشش کا سامان ہو سکے۔ اس مہینے کے آخری عشرے میں ہی قرآن مجید کا نزول ہوا۔ زیادہ تر فقہا کا خیال ہے کہ رمضان المبارک کی 27ویں رات کو جسے لیلة القدر کا نام دیا جاتا ہے، قرآن مجید پہلی بار نازل ہوا تھا۔

اس رات کی حُرمت اور اہمیت کے پیش نظر دُنیا بھر کے مسلمان ساری رات عبادت کرتے ہیں۔ اس رات کی فضیلت قرآن مجید میں بھی بیان ہوئی ہے۔ عام حالات میں شب قدر کا سب سے بڑا اجتماع مسجد الحرام میں ہوتا ہے ۔ تاہم کورونا وبا کے پیش نظر اس بار لوگوں کی گنتی ماضی کے مقابلے میں کم رکھی گئی تھی کیونکہ داخلے کے لیے اجازت نامے کی شرط رکھی گئی ہے۔

(جاری ہے)

مسجد الحرام میں رمضان کی 27 ویں شب کے موقع پر نمازیوں اور معتمرین کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔

حرمین شریفین کی انتظامیہ کے مطابق شب قدر کی رات کو نمازیوں اور معتمرین میں آب زم زم کے 2 لاکھ سے زائد ڈبے اور بوتلیں تقسیم کی گئیں جن میں سے 70 ہزار بوتلیں اور ڈبے خواتین عبادت گزاروں میں بانٹی گئیں۔ اس حوالے سے سقیا زمزم پروجیکٹ کے ڈائریکٹر احمد الندوی نے بتایا کہ شب قدر کی رات آب زم زم کی دو لاکھ سے زائد بوتلیں تقسیم کرنے کے لیے ایک ہزار سے زائدکارکنان کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔

جبکہ مطاف کے صحن اور طواف کے مختص راستوں پر بھی 10 متحرک گاڑیوں کے ذریعے آب زم زم کی تقسیم کی گئی۔ان مخصوص گاڑیوں میں 80 لیٹر ٹھنڈا اور سادہ پانی جمع کرنے کی گنجائش ہے۔ الندوی نے مزید بتایا کہ حرم شریف میں آب زم زم کی تقسیم کا سلسلہ مغرب کی نماز سے کچھ دیر پہلے شروع ہوتا ہے اور فجر کی اذان تک جاری رہتا ہے۔بوتلیں تقسیم کرنے والے کارکنان سماجی فاصلے کی پابندی کا خاص خیال رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ وبا کے دوران مسجدالحرام میں داخلے کے لیے اعتمرناایپ سے خصوصی اجازت نامہ حاصل کرنا ہوتا ہے۔ جس پر ان کے داخلے کا وقت بھی درج ہوتا ہے۔ اس مخصوص وقت سے ہٹ کر کسی اور وقت یا تاریخ پر داخلے کی اجازت نہیں ہے۔ صرف وہی زائرین عمرہ کے لیے آ سکتے ہیں جو کووِڈ-19 کی ویکسین لگوا چکے ہیں۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں