سعودی شخص کو شناختی دستاویزات نہ دکھانے اور پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی پر گرفتار کر لیا گیا

ملزم نے چیک پوسٹ پر تعینات اہلکاروں سے بدتمیزی کی جبکہ اس کی بیوی نے بھی بدکلامی کرتے ہوئے تصویر بنا کر سوشل میڈیا پوسٹ کر دی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 22 مئی 2021 14:32

سعودی شخص کو شناختی دستاویزات نہ دکھانے اور پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی پر گرفتار کر لیا گیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22مئی2021ء) سعودی عرب میں ایک مقامی شخص کو پولیس اہلکاروں کے ساتھ تعاون نہ کرنے اور انہیں بُرا بھلا کہنے پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم کی بیوی نے بھی پولیس اہلکاروں کے ساتھ تلخ کلامی کی اور ان کی چیک پوسٹ کی تصویر بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دی تھی۔ یہ واقعہ جازان ریجن کی الحقو چیک پوسٹ پر پیش آیا۔ جہاں اپنی بیوی کے ہمراہ سفر کرنے والے سعودی شہری کو روک کر اس سے شناختی دستاویز طلب کی گئی تو اس نے دستاویز دکھانے سے نہ صرف انکار کیا بلکہ چیک پوسٹ پر تعینات پولیس اہلکاروں کے ساتھ بدکلامی بھی کی۔

جازان ریجن کے پولیس ترجمان میجر نایف الحکمی نے بتایا کہ ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں نے قانون کے مطابق سعودی شہری سے شناختی دستاویزات طلب کیں، اتنی سی بات پر یہ شخص طیش میں آ گیا، اور پولیس اہلکاروں کی توہین کر ڈالی۔

(جاری ہے)

اسی دوران اس کی اہلیہ بھی پولیس سے تلخ کلامی کرتی رہی اور چیک پوسٹ کی تصویر بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دی۔ ملزم کو پولیس اہلکاروں سے تعاون نہ کرنے اور شناختی دستاویز نہ دکھانے پر اہلکاروں نے حراست میں لے کر اسے پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب مملکت بھر میں کورونا کیسز میں اضافہ ہونے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے کریک ڈاؤن میں تیزی لائی گئی ہے۔ گزشتہ روز جازان میں سماجی فاصلے اور 20 سے زائد افراد کے اجتماع کی پابندی کی خلاف ورزی پر 70افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ نجران کے ایک گیسٹ ہاؤس میں جمع ہونے والے 130 افرا د بھی پولیس کے ہتھے چڑھ گئے ہیں۔ نجران پولیس کے ترجمان عبد اللہ العشوی نے بتایا کہ گیسٹ ہاؤس میں کھلے عام اجتماع پر پابندی کے احکامات کی دھجیاں اُڑائی جا رہی تھیں۔

تقریب میں شریک مہمانوں، میزبان اور گیسٹ ہاؤس کے منتظم کو گرفتار کرنے کے بعد ان پر جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔ جازان کی صامطہ کمشنری میں ایک مکان میں جمع 70 افراد بھی گرفتار ہوئے ہیں۔ جازان پولیس کے مطابق اس مکان میں ایک تقریب منعقد کی جا رہی تھی، حالانکہ موجود وقت میں لوگوں کے اجتماعات پر پابندی عائد ہے۔ تقریب کے میزبان اور 70 مہمانوں پر جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔ الشرقیہ پولیس کی جانب سے کورونا ایس او پیز پرعمل درآمد کی نگرانی کے لیے بازاروں، دُکانوں اور تجارتی مراکز پر 15 سو سے زائد چھاپے مارے گئے ہیں، جہاں 82 خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔ 17 تجارتی مراکز سیل کر دیئے گئے ہیں۔ 

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں