سعودی عرب نے حجاج کرام کے لیے شاندار سہولت متعارف کرا دی

رواں سال حجاج کرام تین ہزار کتابیں آن لائن پڑھ سکیں گے، یہ سروس بلامعاوضہ ہوگی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 23 جون 2021 10:25

سعودی عرب نے حجاج کرام کے لیے شاندار سہولت متعارف کرا دی
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23 جون 2021ء) سعودی عرب میں ہر سال لاکھوں افراد عمرہ اور حج کی ادائیگی کے لیے آتے ہیں۔ یہاں کی حکومت اللہ کے ان مہمانوں کو ہر طرح کی خدمت اور سہولت مہیا کرنے کے لیے اپنی بھرپور کوشش کرتی ہے۔ اسی وجہ سے حجاج اور عمرہ زائرین یہاں کے رہائشی، سفری اور طواف و زیارت سے متعلق انتظامات سے بہت زیادہ مطمئن اورخوش رہتے ہیں۔

سعودی حکومت کی جانب سے ہر سال حجاج کے لیے نئی سے نئی سہولیات کا اضافہ کیا جاتا ہے۔اس بار حجاج کرام کے لیے سعودی وزارت مذہبی امور، دعوت و رہنمائی نے ایک اور شاندار سہولت متعارف کرا دی ہے۔ وزارت کے مطابق رواں سال حج کے موقع پر حجاج کو دینی معلومات کی فراہمی کے لیے آن لائن اسلامی لائبریری کی 3 ہزار کتب تک مفت رسائی دی جائے گی۔

(جاری ہے)

حجاج ان ہزاروں کتابوں کو آن لائن پڑھ سکیں گے۔

اس مقصد کے لیے حجاج کرام کو حکومت کی جانب سے ایک بار کوڈ سروس فراہم کی جائے گی جس کی مدد سے وہ اپنی اپنی زبانوں میں دینی معلومات سے متعلق تین ہزار کے لگ بھگ کتابوں کی ورق گردانی کر سکیں گے۔ یہ سہولت سعودی مملکت کے وژن 2030ء کے تحت فراہم کی جا رہی ہے۔ وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ، لائبریری کے آن لائن پورٹل اور جدہ کے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی ڈے، مدینہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز، طائف کے بین الاقوامی ہوائی اڈے، حرم نبوی، مسجد قبا، میقات اور دیگر مقامات پر 30 بڑی اسکرینز پر بھی 45 زبانوں میں دینی معلومات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

سعودی عرب نے کورونا وبا کی وجہ سے اس بار بھی مملکت سے باہر مقیم افراد کو حج ادا کرنے کی اجازت نہیں دی ہے۔ صرف مملکت میں مقیم مقامی اور غیر ملکی افراد ہی حج ادا کر سکیں گے، جن کی تعداد 60 ہزار افراد تک محدود رکھی جائے گی۔ سعودی عرب میں حج کے سلسلے میں تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ اس حوالے سے منیٰ کے میدان میں حاجیوں کے قیام کے لیے 6 ٹاورز اور 70 خیمے مختص کیے گئے ہیں۔

سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے بتایاگیا ہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے حاجیوں کی زندگی اور صحت کی سلامتی کو ممکن بنانے اور وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حاجیوں کے درمیان سماجی فاصلے کو ممکن بنایا جائے گا۔ انہی احتیاطی اقدامات کے پیش نظر اس بار ہر حاجی کی رہائش کے لیے زیادہ رقبہ مختص کیا گیا ہے۔ منیٰ کے ٹاور میں ہر حاجی کے لیے 4.37 مربع میٹر جگہ مختص کی گئی ہے، جبکہ خیمے میں ہر حاجی کو 4 مربع میٹر جگہ ملے گی، البتہ خصوصی پیکیج والے عازمین کو منیٰ میں 5.33 مربع میٹر جگہ دی جائے گی۔

حاجیوں کو حج کے دوران آزادانہ میل جول کی اجازت نہیں ہو گی۔ حجاج کی آمد ورفت کو منظم رکھنے کی خاطر ٹاورز اور خیموں میں سیکیوٹی گارڈز تعینات کیے جائیں گے۔ مناسک حج کے دوران وقتاً فوقتاً حاجیوں کا ٹمپریچر چیک کر کے ان کی صحت کی جانچ کی جائے گی۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں