سعودیہ میں حج کے اختتام کے بعد عمرہ سیزن شروع ہو گیا

ہفتے کی شب 12 بجے عمرہ زائرین کا پہلا گروپ مسجد الحرام پہنچ گیا، زائرین سے سماجی فاصلے کی مکمل پابندی کرائی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 26 جولائی 2021 11:21

سعودیہ میں حج کے اختتام کے بعد عمرہ سیزن شروع ہو گیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26 جولائی 2021ء ) حج بیت اللہ اختتام پذیر ہو چکا ہے۔ اس بار بھی کورونا وبا کی وجہ سے حاجیوں کی تعداد ہزاروں تک محدود کر دی گئی تھی۔ صرف سعودی عرب میں مقیم 60 ہزار مقامی اور غیر ملکی افراد کو حج کی اجازت دی گئی تھی۔اب عمرہ زائرین کے لیے بھی اچھی خبر یہ ہے کہ کل اتوار کے روز سے عمرہ سیزن کا آغاز ہو چکا ہے۔ مسجد الحرام کی انتظامی کمیٹی کے سیکرٹری ڈاکٹر سعد المحمود نے بتایا ہے کہ حج سیزن کی تکمیل کے بعد عمرہ زائرین کا پہلا گروپ ہفتے کی رات 12 بجے مسجد الحرام پہنچ گیا تھا۔

اس سلسلے میں عمرہ زائرین اور نمازیوں کے استقبال کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی تھیں۔ عمرہ زائرین سے کورونا ایس او پیز پر پوری طرح عمل کرایا جا رہا ہے جن میں سماجی فاصلے کو ممکن بنانا بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

حرم مکی کے تمام داخلی راستوں پر باڈی ٹمپریچر جانچنے کے لیے آلات فراہم کر دیئے گئے ہیں تاکہ یہاں آنے والوں صحت کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔

عمرہ زائرین کے الگ الگ گروپس کے اندر آنے اور باہر جانے کے لیے دروازے مختص کیے گئے ہیں۔ سعودیہ کے نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے بتایا ہے کہ اتوار 25 جولائی سے اعتمرنا ایپ کے ذریعے عمرہ کے اجازت ناموں کا اجراء پھر سے شروع ہوگیا ہے۔ وزارت حج و عمرہ اور السعودیہ ایئر لائن مشترکہ طور پر عمرہ پروگرام چلائیں گے، جس کے تحت عمرہ کے اجازت نامے السعودیہ اور اعتمرنا ایپ سے حاصل کیے جا سکیں گے۔

اس حوالے سے جلد تفصیلات ظاہر کر دی جائیں گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ یومیہ 20 ہزار عمرہ زائرین کو اجازت نامے جاری ہوں گے۔ اگلے چند ہفتوں میں یومیہ اجازت ناموں کی گنتی میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں عمرہ اور زیارت کی سرگرمیاں بحال کر دی گئی تھیں اس کے علاوہ خصوصی اجازت نامے کے ذریعے نماز کی ادائیگی کی بھی کی جا رہی ہے۔

سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق عمرہ زائرین کی سہولت اور رہ نمائی کے لیے تیار کی جانے والی ایپ ’اعتمرنا‘ سے اب تک 2 کروڑ افراد مستفید ہو چکے ہیں۔’اعتمرنا‘ ایپ کے ذریعے دی جانے والی ہدایات میں مسجد حرام میں نمازوں کے اوقات، کرونا وبا کے نماز کے دوران ایس اوپیز، عمرہ کی ادائی، مسجد نبوی اور روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کا شیڈول بھی شامل ہے۔

مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ میں ’خصوصی مراکز‘ سروسز سے اب تک بیرون ملک سے آنے والے 30 ہزار معتمرین مستفید ہوچکے ہیں۔سعودی عرب کی وزارت حج نے حرم کی حدود سے حرم مکی تک نمازیوں اور معتمرین کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے چار مقامات مختص کیے گئے ہیں۔اب تک اس سروس کے تحت 1 لاکھ 20 ہزار گاڑیاں چلائی گئی ہیں جس کے لیے2500 بسوں کا استعمال کیا گیا۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں