حرمین انتظامیہ نے عمرہ زائرین کو اہم پیغام دے دیا

عمرہ زائرین کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنے مقررہ وقت پر ہی عمرہ کرنے آئیں، ورنہ انہیں حرم کے باہر انتظار کرنا پڑے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 27 اگست 2021 07:47

حرمین انتظامیہ نے عمرہ زائرین کو اہم پیغام دے دیا
مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔27 اگست 2021ء) سعودی عرب میں ڈیڑھ سال کے بعد غیر ملکی عمرہ زائرین کی آمد شروع ہو گئی ہے جس کے بعد مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی رونقیں مزید بحال ہو گئی ہیں۔روزانہ تقریباْ بیس ہزار افراد عمرہ کی سعادت حاصل کرنے حرم مکی میں آ رہے ہیں، جن کے درمیان سماجی فاصلے اور دیگر کورونا ایس او پیز کو ممکن بنانے کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں، اس مقصد کے لیے ہزاروں رضا کار اور خادمین تعینات کیے گئے ہیں۔

عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے اعتمرنا اور توکلنا ایپ پر پہلے رجسٹریشن کروانی ہوتی ہے، جس کے بعد مقررہ وقت پر عمرہ کی اجازت دی جاتی ہے۔ تاہم بہت سے لوگ وقت کی پابندی نہیں کرتے اور مقررہ وقت سے پہلے حرم شریف پہنچ جاتے ہیں یا تاخیر سے پہنچتے ہیں۔

(جاری ہے)

جس کی وجہ سے حرم شریف کے باہر رش لگ جاتا ہے کیونکہ انہیں مقررہ وقت سے پہلے عمرہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی ہے۔

اس حوالے سے حرمین انتظامیہ نے ایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے کہ تمام عمرہ زائرین مقررہ وقت پر ہی عمرہ کرنے آئیں۔ حرم میں لوگوں کے ہجوم کو کنٹرول کرنے اور ان میں سماجی فاصلے کو ممکن بنانے والی کمیٹی کے سربراہ انجینئر ایمن بن مصطفی فلمبان نے کہا ہے کہ بہت سے لوگ اعتمرنا اور توکلنا کے ذریعے عمرہ کا اجازت نامہ حاصل کرنے کے بعد یا تو طے شدہ وقت سے پہلے آ جاتے ہیں یا پھر بہت دیر سے آتے ہیں۔

اجازت نامے کا مقصد ہی یہی ہے کہ ایک مخصوص وقت میں لوگوں کی زیادہ تعداد اکٹھی نہ ہونے پائے تاکہ وہ بہترین سہولتوں کے ساتھ عمرہ ادا کر سکیں۔ لوگوں کے وقت پر آنے سے پہلے یا بعد میں آنے سے طے شدہ گنتی سے زائد افراد اکٹھے ہو جاتے ہیں۔ جس سے کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے میں دِقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تمام افراد کی صحت اور زندگی کو محفوظ بنانے کی خاطر ہی اجازت ناموں کا طریقہ کار شروع کیا گیا تھا۔

اس لیے تمام لوگ مقررہ وقت پر ہی عمرہ کرنے آئیں۔ واضح رہے کہ عمرہ سیزن کے دوران مسجد الحرام میں صفائی ، طہارت پر اور زیادہ توجہ دی جانے لگی ہے اور کورونا وبا سے بچاؤ کے لیے سٹیریلائزیشن کا عمل بھی تیز تر کر دیا گیا ہے۔ حرمین شریفین کی انتظامیہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد الحرام کی صفائی ستھرائی پر چار ہزار مرد و خواتین پر مشتمل عملہ تعینات ہے جو ایک دن میں مسجد کی دس بار صفائی کرتا ہے۔

اس دوران مسجد کو جراثیم سے پاک کرنے کے لیے جراثیم کش اسپرے کا باقاعدگی کے ساتھ چھڑکاوٴ کیا جاتا ہے۔ جگہ جگہ زائرین کو پوسٹر کے ذریعے جسمانی فاصلہ رکھنے کی ہدایت کی دی جا رہی ہے. طواف کے لیے خصوصی افراد کے لیے الگ ٹریک مقرر ہیں اور طواف کے دوران سنت نماز کی ادائی کے لیے مصلوں کے نشان بنائے گئے ہیں۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں