شدید گرمی کے موسم میں مسجد حرام کا صحن ٹھنڈا اور خوش گوار رکھنے کا انتظام کرلیا گیا

مسجد حرام کے صحن میں مختلف مقامات پر ماحول کو ٹھنڈا اور خوش گوار رکھنے کے لیے پانی کی پھوار چھڑکنے والے 250 ’مسٹ فین‘ لگادیے گئے، جوکہ کھلی جگہوں میں ہوا کو تروتازہ رکھنے کیلئے استعمال کیے جاتے ہیں

Sajid Ali ساجد علی منگل 7 ستمبر 2021 10:42

شدید گرمی کے موسم میں مسجد حرام کا صحن ٹھنڈا اور خوش گوار رکھنے کا انتظام کرلیا گیا
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ ۔ اخبار تازہ ترین ۔ 07 ستمبر 2021 ) شدید گرمی کے موسم میں مسجد حرام کا ماحول ٹھنڈا اور خوش گوار رکھنے کا انتظام کرلیا گیا ، مسجد حرام کے صحن میں مختلف مقامات پر ماحول کو ٹھنڈا اور خوش گوار رکھنے کے لیے پانی کی پھوار چھڑکنے والے 250 ’مسٹ فین‘ لگادیے گئے، جوکہ کھلی جگہوں میں ہوا کو تروتازہ رکھنے کیلئے استعمال کیے جاتے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق شدید گرمی کے موسم میں حرم پاک میں ماحول کو ٹھنڈا اور خوش گوار رکھنے کے لیے ہوا کے ساتھ پانی کی پھوار چھڑکنے والے مسٹ فین لگائے گئے ہیں ، مِسٹ فینز اور واٹر مِسٹ کالمز کھلی جگہوں میں ہوا کو خوش گوار کرنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں جہاں ہائی پریشر پمپ کے ذریعے پانی کو پمپ کیا جاتا ہے۔ اس ضمن میں مسجد حرام میں ڈائریکٹر جنرل آپریشن اینڈ مینٹیننس انجینیر عامر بن عواد القمانی نے تفصیلات میں بتایا کہ مسجد حرام اور مسجد نبویﷺ میں زائرین کی سہولت کے لیے مسٹ فین نصب کیے گئے ہیں جو ماحول کو ٹھنڈا کرنے کے ساتھ بیرونی ہوا سے تھرمل توانائی جذب کرکے اسپرے ایئر کولنگ ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اس کا درجہ حرارت کم کرتے ہیں ، پانی فلٹر سے گزرنے کے بعد ہوا کے ساتھ باہر ایک پھوار کی شکل میں محسوس ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل آپریشن اینڈ مینٹیننس انجینیر کے مطابق مسٹ پنکھوں کی تعداد تقریبا 250 جو مسجد حرام کے صحن میں مختلف مقامات پر لگائے گئے ہیں ، یہ پنکھے زمین سے 4 میٹر کی اونچائی پر لگائے گئے ہیں ، جن کا قطر 38 انچ اور ہوا کے بہاؤ کی رفتار کے ساتھ 1100 CFM تک ہے جو 10 میٹر آگے تک ہوا پہنچاتے ہیں ، یہ پنکھے عام طور پر نماز کے اوقات میں اس وقت چلائے جاتے ہیں جب مسجد حرام کا صحن نمازیوں سے بھر جائے اور درجہ حرارت میں اضافہ ہو جائے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں