شاندار حفاظتی انتظامات کا ثمر ، عمرہ کیلئے آنیوالے اللہ کے مہمانوں کی تعداد 1 کروڑ ہوگئی

عمرہ سیزن کے آغاز کے ساتھ ہی مختلف ممالک کے لیے جاری عمرہ ویزوں کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کرگئی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 18 ستمبر 2021 13:37

شاندار حفاظتی انتظامات کا ثمر ، عمرہ کیلئے آنیوالے اللہ کے مہمانوں کی تعداد 1 کروڑ ہوگئی
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 ستمبر 2021ء ) عالمی وباء کورونا وائرس سے بچاؤ کے شاندار حفاظتی انتظامات کے نتیجے میں اب تک عمرہ ادا کرنے والے افراد کی تعداد 1 کروڑ ہوگئی۔ سعودی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ محفوظ عمرہ ماڈل کے نفاذ کے نتیجے میں عمرہ ، نماز اور زیارت کی بتدریج واپسی کے بعد سے اب تک 1 کروڑ افراد کے لیے عمرے کی ادائیگی کو ممکن بنایا گیا جب کہ عمرہ سیزن کے آغاز کے ساتھ ہی مختلف ممالک کے لیے جاری عمرہ ویزوں کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

وزارت حج و عمرہ کے نائب وزیر ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے بتایا ہے کہ اس وقت معتمرین کی یومیہ تعداد 70 ہزار ہے جن کو آٹھ دورانیوں میں تقسیم کیا گیا ہے ، اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے لیے ایک جامع نظام کے تحت معتمرین ، زائرین اور نمازیوں کی ماہانہ تعداد کو 35 لاکھ تک پہنچانے کیلئے کوششیں جاری ہیں اور اس سلسلے میں صحت ، سیکورٹی اور انتظامی امور سے متعلق منصوبوں پر عمل درامد کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ براہ راست رابطہ کاری پر کام کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اسی ماہ سعودی وزارت حج وعمرہ کی جانب سے عمرہ زائرین کی یومیہ تعداد بڑھا کر 70 ہزار تک کر دی گئی ، حرمین شریفین انتظامیہ کی جانب سے روزانہ 70 ہزار عمرہ زائرین کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ، عمرہ اجازت نامہ ہر 15 دن پر جاری کرایا جا سکتا ہے تاہم مسجد نبوی میں روضہ شریفہ کا اجازت نامہ ایک ماہ کے بعد ہی جاری ہوگا۔

حرمین شریفین انتظامیہ کے نائب سربراہ ڈاکٹر سعد بن محمد المحیمید نے بتایا کہ عمرہ زائرین کی تعداد میں اضافے کے لیے تیار ہیں ، اضافی تعداد آنے سے پہلے ہی ہم نے مطاف، مسعی، مصلے اور تمام گزرگاہوں کے علاوہ صحنوں کو تیار کر لیا ہے ، اندرون اور بیرون ملک سے آنے والے زائرین کو ہمیشہ کی طرح بہترین سہولت اور مناسب ماحول فراہم کریں گے ، جس کے لیے حرمین انتظامیہ نے جامع منصوبہ تیار کیا ہے جو زائرین کے استقبال کے سے لے کر مناسک کی ادائیگی کے بعد انہیں الوداع کہنے پرمشتمل ہے۔

سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ عمرہ اجازت نامہ ہر 15 دن پر جاری کرایا جا سکتا ہے تاہم مسجد نبوی میں روضہ شریفہ کا اجازت نامہ ایک ماہ کے بعد ہی جاری ہوگا کیوں کہ 15 دن سے قبل عمرہ یا مسجد الحرام میں نماز اور ایک ماہ سے قبل روضہ شریف میں نماز یا مسجد نبوی کی زیارت کا اجازت نامہ جاری نہیں ہو سکتا جب کہ مزید یہ کہ اعتمرنا ایپ کے ذریعے ایک وقت میں ایک سے زیادہ اجازت نامے جاری نہیں ہوتے ، ایک عمرہ کے لیے ایک اجازت نامے سے دوسرے اجازت نامے کے درمیان 15 دن کا وقفہ لازمی ہے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں