’شوہرنے پڑھائی جاری رکھنے سے منع کردیا‘ سعودی خاتون علیحدگی کیلئے عدالت پہنچ گئی

نکاح کے وقت یہ شرط عائد کی تھی کہ شادی کے بعد شوہر کو پڑھائی مکمل کرنے پر کوئی اعتراض نہ ہو گا، خاتون نے شوہر کی وعدہ خلافی پر ’فسخ نکاح‘ کا دعویٰ دائر کردیا

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 1 اکتوبر 2021 12:52

’شوہرنے پڑھائی جاری رکھنے سے منع کردیا‘ سعودی خاتون علیحدگی کیلئے عدالت پہنچ گئی
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 اکتوبر 2021ء ) شوہر کی جانب سے پڑھائی جاری رکھنے سے منع کرنے پر سعودی خاتون عدالت پہنچ گئی ، شوہر کی وعدہ خلافی پر خاتون نے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ’فسخ نکاح ‘ کا دعوی دائر کردیا۔ عرب میڈیا کے مطابق یہ واقعہ مکہ مکرمہ کا ہے جہاں ایک خاتون نے اپنے شوہر کے خلاف نکاح ختم کرنے کا دعوی دائر کیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ شوہر نے نکاح نامے میں درج شرط سے روگردانی کرتے ہوئے اسے پڑھائی جاری نہ رکھنے کا حکم دیا ہے ، جب کہ نکاح کے وقت یہ شرط عائد کی تھی کہ شادی کے بعد شوہر کو پڑھائی مکمل کرنے پر کوئی اعتراض نہ ہو گا لیکن نکاح نامے میں تحریری شرط کے باوجود شوہر نے اہلیہ کو پڑھائی جاری رکھنے سے منع کردیا۔

ادھر سعودی عرب میں طلاق کا ایک انوکھا کیس سامنے آیا ہے جہاں شوہر کے گنجا ہونے کا پتہ چلنے پر خاتون نے شادی کے صرف 2 روز بعد ہی طلاق کا مطالبہ کر دیا ، اس حوالے سے خاتون کی جانب سے طلاق کی وجہ شوہر کا گنجا ہونا بتائی گئی ہے تاہم خاتون کے شوہر نے معاملے پر قانونی مشیر سے مشاورت شروع کردی اور یہ بات معلوم کی کہ گنجے پن کو کس حد تک شوہر کی خامی شمار کیا جاتا ہے ، اس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے قانونی مشیر احمد عجب نے بتایا کہ اگر شوہر میں نفرت انگیز اور ٹھوس عیب کا انکشاف ہو مثال کے طور پر دیوانہ پن، برص، جذام یا اعضائے تناسلی کا مرض وغیرہ تو بیوی فسخِ نکاح کا مطالبہ کرنے کا حق رکھتی ہے تاہم گنجا پن کوئی ٹھوس عیب نہیں ہے۔

(جاری ہے)

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ سعودی عرب میں گزشتہ چند سالوں کے دوران طلاق کی شرح میں اضافہ ہو چکا ہے ، جہاں آئے روز طلاق کے لیے ایسے ایسے انوکھے دعوے آتے ہیں کہ عدالت کے جج بھی حیران رہ جاتے ہیں ، ایسا ہی ایک کیس ایک خاتون کی جانب سے اس بنیاد پر خلع کے دعوے کا تھا کہ اس کے شوہر نے اسے کئی سال پہلے تشدد کا نشانہ بنایا تھا، اس لیے وہ اس سے طلاق لینا چاہتی ہے ، خاتون کی جانب سے خلع کا دعویٰ دائر کیا گیاتھا کہ اس کا خاوند اسے زد و کوب کرتا ہے ، جب اس کے شوہر کو مصالحتی کمیٹی کے سامنے بُلایا گیا تو شوہر نے بتایا کہ اس نے اپنی بیوی کو کبھی نہیں مارا، البتہ آٹھ سال پہلے ضرور اس کی مار پیٹ کی تھی ،اس کے بعد ایسی حرکت کبھی نہیں کی۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں