بچوں کو کورونا ویکسین لگانے سے روکنے پر سعودی خاتون شوہر کے خلاف عدالت پہنچ گئی

والد کے اس اقدام کی وجہ سے ویکسین نہ ملنے سے دونوں بیٹے تعلیم اور عام زندگی سے محروم ہو گئے ، خاتون نے شوہر کے خلاف قانونی مشورہ طلب کرلیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 6 اکتوبر 2021 17:51

بچوں کو کورونا ویکسین لگانے سے روکنے پر سعودی خاتون شوہر کے خلاف عدالت پہنچ گئی
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 اکتوبر 2021ء ) بچوں کو کورونا ویکسین لگانے سے روکنے پر سعودی خاتون شوہر کے خلاف عدالت پہنچ گئی ، والد کے اس اقدام کی وجہ سے ویکسین نہ ملنے سے دونوں بیٹے تعلیم اور عام زندگی سے محروم ہو گئے ، خاتون نے شوہر کے خلاف قانونی مشورہ طلب کرلیا ۔ عرب میڈیا کے مطابق یہ واقعہ سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ کا ہے جہاں 2 بچوں کی ماں نے ان کے دونوں بیٹوں کے لیے کورونا ویکسین لینے سے انکار کرنے پر شوہر کے خلاف قانونی مشورہ طلب کیا ہے۔

اس ضمن میں وکیل فیصل بن ترکی غربی نے بتایا کہ اس نے ماں سے اس کے دو بیٹوں کے کیس کے باقاعدہ طریقہ کار کے بارے میں انکوائری حاصل کی جن کے والد نے ویکسین لینے سے انکار کر دیا تھا جس کیلئے ان کی جانب سے کوئی وضاحت بھی نہیں کی گئی لیکن والد کے اس اقدام کی وجہ سے ویکسین نہ ملنے سے ان کے دونوں بیٹے تعلیم اور عام زندگی سے محروم ہو گئے۔

(جاری ہے)

وکیل نے وضاحت کی کہ خاندن کے سرپرست کی حیثیت سے خاتون کے شوہر نے جو کچھ کیا ہے وہ چائلڈ پروٹیکشن قانون کے آرٹیکل 2 کے زمرے میں آتا ہے اور اس کو نظرانداز کرنے کے معاملات کی وجہ سے نظام کی روشنی میں احتساب کی ضرورت ہوتی ہے ، ماں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس حوالے سے چائلڈ سپورٹ ٹول فری نمبر (116111) یا قریبی پولیس اسٹیشن سے رابطہ کریں۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں نہ لینے والوں پر نئی پابندیاں عائد کردی گئیں ، 10 اکتوبر سے ویکسین کی دونوں خوراکیں نہ لینے والے سرکاری و نجی اداروں میں داخل نہیں ہوسکیں گے ، طیاروں‘ پبلک ٹرانسپورٹ میں سوار ہونے اور ٹرین کے سفر کے لیے بھی کورونا ویکسین کی دو خوراکیں لازمی قرار دے دی گئیں ، 10 اکتوبر سے کورونا ویکسین کی ایک خوراک لگوانے والوں اور وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کو عمرہ اجازت نامے بھی جاری نہیں ہوں گے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں