کورونا کا زور ٹوٹ گیا ‘ مسجدالحرام اور مسجد نبویﷺ میں سماجی فاصلے کی شرط ختم

سماجی فاصلے کے لیے لگائی گئی علامتیں ہٹا دی گئیں‘ اب مکمل افرادی گنجائش کے ساتھ نمازیں ادا کی جاسکیں گی‘ خانہ کعبہ اور مقام ابراہیم کے گرد لگائے گئے بیریئر بھی ہٹا دیے گئے۔ الحرمین الشریفین انتظامیہ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 17 اکتوبر 2021 11:02

کورونا کا زور ٹوٹ گیا ‘ مسجدالحرام اور مسجد نبویﷺ میں سماجی فاصلے کی شرط ختم
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 اکتوبر 2021ء ) سعودی عرب میں عالمی وباء کورونا وائرس کا زور ٹوٹنے پر مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں سماجی فاصلے کی شرط ختم کردی گئی ، خانہ کعبہ اور مقام ابراہیم علیہ السلام کے گرد لگائے گئے بیریئر بھی ہٹا دیے گئے ۔ عرب میڈیا کے مطابق مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی ﷺ میں کورونا وبا کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے عائد کی گئی سماجی فاصلے کی پابندیاں ہٹا دی گئی ہیں ، پابندی ہٹانے کا فیصلہ الحرمین الشریفین انتظامیہ کی جانب سے کیا گیا ، جس کے بعد سماجی فاصلے کے لیےلگائی گئی علامتیں بھی ہٹا دی گئی ہیں اور آج سے مسجدالحرام اور مسجد نبویﷺ میں سماجی فاصلے کے بغیر نمازیں ادا کی جائیں گی۔

اس ضمن میں الحرمین الشریفین انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کورونا وباء سے قبل کی صفوں کی اصل حالت کو بحال کیا جا رہا ہے ، مسجدالحرام کے صحن مطاف میں بھی سماجی فاصلے کے لیے لگائی گئی علامتیں ہٹا دی گئی ہیں جس کے بعد اب مکمل افرادی گنجائش کے ساتھ نمازیں ادا کی جاسکیں گی ، طواف یا سعی کرنے والوں کے لیے سماجی فاصلے کا اصول ختم کر دیا گیا ہے تاہم ماسک کی پابندی برقرار ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف سعودی عرب نے مسجد الحرام میں تیسری سعودی توسیع شدہ حصہ میں نماز کی جگہ مکمل طور پر بحال کر دی ہے ، مسجد الحرام کے زائرین کی انتظامیہ کے ادارے کے انچارج انجینیئر اسامہ بن منصور الحجیلی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مسجد الحرام میں تیسری توسیع والے حصے کو بھی نماز کے لئے مکمل طور پر بحال کردیا گیا ہے ، طواف کے لئے 26 لائنیں بنائی گئی تھیں تا کہ تمام افراد آسانی سے اور حفاظت کے ساتھ اپنے شعائر کی ادائیگی مکمل کر سکیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نماز جمعہ کے لئے مسجد الحرام کے 36 دروازے کھولے گئے تھے۔ نماز جمعہ میں خدمات کے حوالے سے جو پلان تشکیل دیا گیا تھا اس کے لئے 440 اہلکار تعینات تھے جس میں سے 180 اہلکار نماز کی ادائیگی والے حصے میں تعینات تھے جبکہ مسجد الحرام آنے والی زائر خواتین کی خدمت کے لئے 250 خواتین اہلکارمقرر تھیں ، معذوروں اور بزرگوں کے لئے آنے جانے کے راستے خصوصی طور پر مختص تھے تا کہ معذور اور بزرگ وہیل چیئر کے ذریعے آسانی سے مسجد الحرام میں داخل ہوسکیں ، عمرہ زائرین اور نمازیوں کی خدمت کے لئے 870 اہلکار تعینات کئے گئے تھے جو اپنے وقت کے مطابق ڈیوٹی انجام دیتے رہے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں