مسجد الحرام میں معمر افراد کے لیے رضاکارانہ سروس شروع

کمیٹی میں 200 رضاکار رجسٹرڈ ہیں جو معمر یا معذورافراد کو ویل چیئر پر بٹھا کرطواف بیت اللہ کی خدمت انجام دیتے ہیں‘ زائرین میں تحائف اور دھوپ سے بچنے کیلیے چھتریاں بھی تقسیم کی جاتی ہیں

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 21 اکتوبر 2021 16:43

مسجد الحرام میں معمر افراد کے لیے رضاکارانہ سروس شروع
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 اکتوبر 2021ء ) مسجد الحرام میں معمر افراد کے لیے رضاکارانہ سروس شروع کردی گئی ، ’آپ کی خدمت میں‘ کے عنوان سے یہ سروس سعودی عرب میں ادارہ امور حرمین شریفین کی جانب سے شروع کی گئی ہے ، 200 رجسٹرڈ رضاکار معمر یا معذورافراد کو ویل چیئر پر بٹھا کرطواف بیت اللہ کی خدمت انجام دیتے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق رضاکاروں کا گروپ ضرورت مند افراد کو ویل چیئر پرطواف کرانے کی سہولت فراہم کرتے ہیں ، جہاں معمر یا معذور افراد کو ویل چیئر کی مفت سہولت فراہم کی جاتی ہے ، اس ضمن میں رضاکارانہ خدمات کی کمیٹی کے نگران انجینئر امجد الحازمی نے بتایا کہ کمیٹی کی جانب سے مسجد الحرام میں آنے والے زائرین کی سہولت کے لیے متعدد رضاکارانہ خدمات انجام دی جاتی ہیں ، کمیٹی کے رضاکار کورونا وائرس کے حوالے سے تمام تر مقررہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہیں تاکہ کسی قسم کی مشکل صورتحال میں مبتلا نہ ہوں ، زائرین میں تحائف بھی تقسیم کیے جاتے ہیں جب کہ دھوپ سے بچنے کے لیے چھتریاں بھی تقسیم کی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ہ سعودی عرب میں عالمی وباء کورونا وائرس کا زور ٹوٹنے پر مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں سماجی فاصلے کی شرط ختم کردی گئی ، خانہ کعبہ اور مقام ابراہیم علیہ السلام کے گرد لگائے گئے بیریئر بھی ہٹا دیے گئے ، پابندی ہٹانے کا فیصلہ الحرمین الشریفین انتظامیہ کی جانب سے کیا گیا ، جس کے بعد سماجی فاصلے کے لیےلگائی گئی علامتیں بھی ہٹا دی گئی ہیں اور آج سے مسجدالحرام اور مسجد نبویﷺ میں سماجی فاصلے کے بغیر نمازیں ادا کی جائیں گی۔

اس ضمن میں الحرمین الشریفین انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کورونا وباء سے قبل کی صفوں کی اصل حالت کو بحال کیا جا رہا ہے ، مسجدالحرام کے صحن مطاف میں بھی سماجی فاصلے کے لیے لگائی گئی علامتیں ہٹا دی گئی ہیں جس کے بعد اب مکمل افرادی گنجائش کے ساتھ نمازیں ادا کی جاسکیں گی ، طواف یا سعی کرنے والوں کے لیے سماجی فاصلے کا اصول ختم کر دیا گیا ہے تاہم ماسک کی پابندی برقرار ہے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں