مسجد الحرام میں تقریباً ڈیڑھ سال بعد سماجی فاصلے کے بغیر نماز جمعہ کی ادائیگی کے روح پرور مناظر

ادارہ امور حرمین شریفین کے نگران اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کی خصوصی ہدایت پر کورونا وبا کے حوالے سے عائد سماجی فاصلے اور تعداد کی پابندی کے خاتمے کے بعد جمعہ المبارک کی پہلی نماز کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 22 اکتوبر 2021 15:18

مسجد الحرام میں تقریباً ڈیڑھ سال بعد سماجی فاصلے کے بغیر نماز جمعہ کی ادائیگی کے روح پرور مناظر
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - 22 اکتوبر 2021ء ) مسجد الحرام میں تقریباً ڈیڑھ سال بعد سماجی فاصلے کے بغیر نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران روح پرور مناظر دیکھے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ادارہ امور حرمین شریفین کے نگران اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کی جانب سے حرمین شریفین کی انتظامیہ کو خصوصی ہدایت پر کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے عائد سماجی فاصلے اور تعداد کی پابندی کے خاتمے کے بعد جمعہ المبارک کی پہلی نماز کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ، سماجی فاصلے کی شرط ختم ہونے کے بعد پہلی نماز جمعہ کے موقع پر مسجد الحرام کے مزید 50 دروازے کھول دیے گئے ، نماز جمعہ کے لیے آنے والوں کی سہولت کی خاطر 50 ہزار سے زائد آب زم زم کی بوتلوں کا خصوصی انتظام کیا گیا ، اس موقع پر معمر اور معذور افراد کے لیے 5 ہزار الیکٹریکل اور سادہ وہیل چیئرز کا بھی بندوبست کیا گیا۔

(جاری ہے)


عرب میڈیا کے مطابق ادارہ امورحرمین کے شعبہ برائے خدمات ، فیلڈ آپریشن و ماحولیاتی تحفظ کے انڈرسیکریٹری محمد الجابری نے کہا ہے کہ مسجد الحرام میں سماجی فاصلے کی پابندی کے خاتمے اور مکمل افرادی گنجائش بحال کیے جانے کے بعد آنے والے زائرین اور نمازیوں کو بہترسہولتیں فراہم کرنے کے لیے مزید 50 دروازے کھول دیے گئے ہیں ، مسجد الحرام کے تمام دروازوں پر جسمانی درجہ حرارت نوٹ کرنے والے تھرمل کیمرے نصب کیے گئے ہیں جو انتہائی حساس نوعیت کے ہیں ، تھرمل کیمرے ایک سیکینڈ میں 6 سے 8 افراد کو سکین کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جس سے آنے والے کسی شخص کا جسمانی درجہ حرارت معلوم کیا جاتا ہے۔


انہوں نے بتایا کہ مسجد الحرام کے اندرونی صحنوں اور ملحق راہداریوں کی ہمہ وقت سینیٹائزنگ کے لیے 4 ہزار سے زائد مرد و خواتین کارکنوں کو تعینات کیا گیا ہے ، مسجد الحرام کے مختلف مقامات پر 500 سے زائد خود کار سینیٹائزر بوتلوں کو نصب کیا گیا ہے جن کے ذریعے زائرین اپنے ہاتھوں کو جراثیم کش ادویات سے صاف کرسکتے ہیں ، خود کار سینیٹائزر بوتلوں کو ہاتھ سے دبانے کی ضرورت نہیں ہوتی محض ہاتھ سامنے لانے پرمخصوص مقدار میں سینیٹائزر نکل کر ہاتھ پر آجاتا ہے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں