خانہ کعبہ کا طواف کرنے کے خواہشمند فرزندان توحید کیلئے خوشخبری

مسجد الحرام کی بالائی منزل سے صرف طواف کی اجازت دے دی گئی‘ طواف بیت اللہ کی غرض سے آنے والوں کے لیے اعتمرنا ایپ پر پرمٹ حاصل کرنے کی سہولت بھی فراہم کردی گئی

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 26 نومبر 2021 10:33

خانہ کعبہ کا طواف کرنے کے خواہشمند فرزندان توحید کیلئے خوشخبری
مکہ مکرمہ ( اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 نومبر 2021ء ) خانہ کعبہ کا طواف کرنے کے خواہشمند فرزندان توحید کو مسجد الحرام کی بالائی منزل سے خانہ کعبہ کے طواف کی اجازت مل گئی۔ عرب میڈیا کے مطابق ادارہ امور حرمین شریفین کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ خانہ کعبہ کا طواف کرنے والوں کے لیے حرم شریف کی بالائی منزل کو کھول دیا گیا ہے ، ایسے افراد جو صرف طواف کی غرض سے مسجد الحرام آنا چاہیں وہ مسجد الحرام کی بالائی منزل سے طواف کرسکیں گے۔

بتایا گیا ہے کہ طواف بیت اللہ کی غرض سے آنے والوں کے لیے اعتمرنا ایپ پر پرمٹ حاصل کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے ، مسجد الحرام کی بالائی منزل سے طواف کے لیے وقت مقرر کیا گیا ہے جس کے تحت نصف شب کے بعد سے 3 بجے تک جب کہ صبح 9 سے 10 بجے اور صبح 7 سے ایک بجے تک طوف کی اجازت ہوگی ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سعودی عرب نے خانہ کعبہ کے طواف اور حجرِ اسود کے بوسے کی اجازت کیلئے نئے انتظامات کا اعلان کردیا ، غیر معتمرین افراد کے مطاف میں اور مطاف کی تمام منزلوں پر مکمل گنجائش کے ساتھ طواف کی اجازت کے لیے سروس کا عنقریب آغاز کر دیا جائے گا جب کہ منظور شدہ موبائل ایپلی کیشنوں کے ذریعے حجر اسود کو بوسہ دینے ، رکنِ یمانی کے استلام اور حطیم (حِجرِ اسماعیل) کے اندر نماز کی بکنگ کی خدمت بھی شروع کی جائے گی ، عمرہ اور نماز کی اجازت کے حصول کے لیے اعتمرنا اور توکلنا ایپلی کیشنوں کا استعمال جاری رہے گا ۔

اس ضمن میں حرمین شریفین کی انتظامیہ مسجد حرام اور مسجد نبوی میں آنے والوں کو اعلیٰ ترین خدمات پیش کرنے کے واسطے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے ، جس کے تحت کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر کو بھی پوری طرح نافذ کیا گیا ہے ۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں