عمرہ ‘ نماز اور زیارت کے اجازت ناموں میں ترمیم سے متعلق وضاحت جاری

عمرہ اور روضہ مبارک کے اجازت نامے مقررہ وقت سے 4 چار گھنٹے پہلے تک ’اعتمرنا ایپ‘ کے ذریعے منسوخ کرکے نیا اجازت نامہ جاری کرایا جا سکتا ہے‘ نماز کے اجازت ناموں میں ترمیم کرنا بھی ممکن ہے۔ سعودی وزارت حج وعمرہ

Sajid Ali ساجد علی بدھ 22 دسمبر 2021 10:56

عمرہ ‘ نماز اور زیارت کے اجازت ناموں میں ترمیم سے متعلق وضاحت جاری
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 دسمبر 2021ء ) سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ کی جانب سے عمرہ ‘ نماز اور زیارت کے اجازت ناموں میں ترمیم سے متعلق وضاحت جاری کردی گئی ، جس میں کہا گیا ہے کہ عمرہ ‘ نماز اور زیارت کے اجازت نامے منسوخ بھی ہوسکتے ہیں اور ان میں اپنی سہولت کے لحاظ سے ترمیم کرنا بھی ممکن ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق وزارت حج و عمرہ سے سوال کیا گیا کہ کیا عمرہ ‘ مسجد الحرام اور روضہ مبارک میں نماز اور حاضری کے اجازت نامے منسوخ ہو سکتے ہیں؟ اور کیا اجازت ناموں کے اوقات بھی تبدیل کیے جاسکتے ہیں؟ اس کے جواب میں وزارت کی طرف سے بتایا گیا کہ عمرہ اجازت نامے مقررہ وقت سے 4 چار گھنٹے پہلے تک ’اعتمرنا ایپ‘ کے ذریعے اجازت نامہ منسوخ کرکے نیا اجازت نامہ جاری کرایا جا سکتا ہے جب کہ نماز کا اجازت نامہ اس کا وقت شروع ہونے سے پہلے منسوخ بھی ہو سکتا ہے اور نیا اجازت نامہ لینا بھی ممکن ہے۔

(جاری ہے)

وزارت نے کہا کہ روض مبارک کی زیارت کا پرمٹ بھی مقررہ وقت سے 4 گھنٹے پہلے تک ’اعتمرنا ایپ‘ کے ذریعے سے منسوخ کرایا جا سکتا ہے جب کہ زائرین کو پہلے اجازت نامے کی تاریخ ختم ہونے کے 30 روز بعد دوسرا اجازت نامہ جاری کرانے کی سہولت بھی دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں سعودی حکومت نے حج و عمرہ کے اجازت ناموں کیلئے بڑی سہولت دیدی ، خلیجی ممالک کے شہریوں اور وزیٹرز کے لیے حج و عمرہ کے اجازت ناموں کی سہولت توکلنا ایپ میں شامل کردی گئی ، خلیجی ممالک سے تعلق رکھنے والے غیرملکی شہریوں کے لیے توکلنا ایپ پر عمرہ اجازت نامے کی سہولت فراہم کردی گئی ہے ، سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی (سدایا) کی جانب سے خلیجی ممالک کے شہریوں اور وزیٹرز کے لیے حج و عمرہ کے اجازت ناموں کی سہولت توکلنا ایپ میں شامل کی گئی ہے ، توکلنا ایپ کو اپ ڈیٹ کرکے اس سہولت سے مستفید ہوا جاسکتا ہے ۔

معلوم ہوا ہے کہ آن لائن پلیٹ فارم توکلنا میں مسجد الحرام آنے جانے کی سہولت کا اضافہ بھی کیا گیا ہے ، مسجد الحرام میں براہ راست آنے جانے کے لیے بس کے ٹکٹ خریدنے کے لیے بھی ایپ میں ایک نئی سہولت شامل کی گی ہے ، اس کے علاوہ سرکاری ملازمین کے ورکنگ آئی ڈی بھی توکلنا ایپ کے ذریعے دیے جائیں گے ۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں