ٖلبیک اللھم لبیک! مناسک حج کا آغازہوگیا،10لاکھ عازمین منٰی پہنچ گئے

عازمین حج منٰی میں اپنے خیموں میں قیام کریں گے،کل نماز فجر کے بعد وقوف عرفہ کے لیے روانہ ہو جائیں گے

muhammad ali محمد علی جمعرات 7 جولائی 2022 00:42

ٖلبیک اللھم لبیک! مناسک حج کا آغازہوگیا،10لاکھ عازمین منٰی پہنچ گئے
مکہ المکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 جولائی2022ء) مناسک حج کا آغازہوگیا،10لاکھ عازمین منٰی پہنچ گئے، عازمین حج منٰی میں اپنے خیموں میں قیام کریں گے،کل نماز فجر کے بعد وقوف عرفہ کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق 2 سال بعد مسلمانوں کیلئے مقدس ترین شہر مکہ مکرمہ لاکھوں حجاج کو خوش آمدید کہہ چکا ہے۔ کرونا وبا کے باعث گزشتہ 2 سالوں کے دوران انتہائی محدود پیمانے پر فریضہ حج کی ادائیگی کا اہتمام کیا گیا تھا، تاہم وبا کی شدت میں کمی آنے اور ویکسی نیشن کی کامیابی کے بعد رواں سال مکمل اہتمام کے ساتھ فریضہ حج کی ادائیگی کو یقینی بنایا گیا ہے۔



مناسک حج کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، دنیا بھر سے آنے والے 10لاکھ عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے منٰی پہنچ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

دنیا کے مختلف ممالک سے آنے والے لاکھوں عازمین حج 7 اور 8 ذوالحج کی درمیانی شب مکہ مکرمہ سے منٰی کے لیے روانہ ہوئے۔ منٰی میں عازمین حج کے قیام کیلئے دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی جدید سہولیات کے ساتھ آباد ہو چکی ہے۔

مناسک حج کے مطابق عازمین حج کو 8 ذوالحج کا دن منٰی میں اپنے خیموں ہی میں قیام کرنا ہوگا، جہاں سے وہ ظہر، عصر، مغرب اور عشا کی ادائیگی کے بعد 9 ذوالحج کی نماز فجر ادا کرنے کے بعد وقوف عرفہ کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔ یہ عمل اگلے دن کی نماز ظہر تک مکمل ہوگا۔9 ذوالحج کو غروب آفتاب ہوتے ہی حجاج کرام نماز مغرب ادا کیے بغیر مزدلفہ کی جانب روانہ ہوں گے اور وہاں پہنچ کر مغرب اور عشاء کی نمازیں اکٹھی ادا کریں گے۔

حجاج کرام مزدلفہ کی شب کھلے آسمان تلے گزاریں گے اور وہیں سے رمی جمرات کے لیے 70 عدد کنکریاں فی عازم کے تناسب سے چنیں گے۔ حجاج کرام 10 ذوالحج جمعہ کے روز نماز فجر کی ادائیگی کے بعد سورج طلوع ہونے تک دعاوں اور مناجات کا اہتمام کریں گے، جسے وقوف مزدلفہ کہا جاتا ہے۔ اس کے بعد ضیوف الرحمن رمی جمرات کے لیے واپس منی کی جانب روانہ ہوں گے، جمرات کمپلیکس میں بڑے جمرے پر 7 کنکریاں ماریں گے۔

رمی جمرات کے بعد قربانی کا عمل ہے، جس کی تکمیل ہوتے ہی حجاج کرام سر کے بال منڈوا کر حالت احرام کی پابندیوں سے آزاد ہوتے ہیں۔ حلق کے بعد حجاج کا اہم کام طواف زیارت ہے، جس کی ادائیگی اور سعی کے چکر مکمل کرنے کے بعد حجاج واپس منٰی پہنچیں گے۔ رات وہیں قیام ہوگا اور اگلے 2 روز یعنی 11 اور 12 ذوالحج کو زوال کے وقت کے بعد تینوں جمرات کو سات سات کنکریاں ماریں گے۔ اس کے بعد حجاج 12 ذوالحج کو غروب آفتاب سے قبل منٰی کی حدود سے نکل جائیں گے یا پھر 13 ذوالحج کی رمی کے بعد اپنی رہائش گاہوں کی جانب روانہ ہوں گے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں