تاریخ میں پہلی مرتبہ یکم محرم الحرام کو غلاف کعبہ کی تبدیلی

ہر سال 9 ذی الحج کو غلاف کعبہ کی تبدیلی عمل میں آتی تھی، رواں سال پہلی مرتبہ نئے ہجری سال کے آغاز پر کعبہ کا غلاف تبدیل کیا گیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 30 جولائی 2022 23:37

تاریخ میں پہلی مرتبہ یکم محرم الحرام کو غلاف کعبہ کی تبدیلی
مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جولائی2022ء) تاریخ میں پہلی مرتبہ یکم محرم الحرام کو غلاف کعبہ کی تبدیلی، ہر سال 9 ذی الحج کو غلاف کعبہ کی تبدیلی عمل میں آتی تھی، رواں سال پہلی مرتبہ نئے ہجری سال کے آغاز پر کعبہ کا غلاف تبدیل کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق غلاف کعبہ کی تبدیلی کے حوالے سے تاریخ تبدیل ہو گئی، تاریخ میں پہلی مرتبہ حج کے موقع پر کعبہ کے غلاف کی تبدیلی عمل میں نہیں لائی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ سعودی حکومت نے روایت کو تبدیل کرتے ہوئے تاریخ میں پہلی مرتبہ نئے ہجری سال کے آغاز پر یکم محرم الحرام کو غلاف کعبہ کی تبدیلی کا فیصلہ کیا۔ حرمین شریفین کے ٹوئٹر اکاونٹ پر غلاف کعبہ کی تبدیلی کی ویڈیو بھی جاری کی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ عمومی طور پر ہر سال 9 ذی الحج کو غلاف کعبہ تبدیل کیا جاتا تھا، تاہم رواں سال سعودی عرب میں محرم الحرام کے آغاز پر کعبہ کا غلاف تبدیل کیا گیا۔

(جاری ہے)

حرمین شریفین  کے امور کی نگراں وزارت کے مطابق غلاف کعبہ کی تبدیلی کی تقریب میں امام کعبہ اورحرمین شریفین امور کی جنرل پریزیڈینسی کے صدر شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے بھی شرکت کی۔ مسجد الحرام میں موجود سینکڑوں عازمین نے غلاف کعبہ کی تبدیلی کا روح پرور منظردیکھا، اس موقع پر عازمین کی جانب سے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ غلاف کعبہ کی تبدیلی میں کلید بردار کعبہ، منتظمین ، سعودی حکام اورغلاف ساز کسوہ فیکٹری کے منتظمین  سمیت 200 سے زائد ماہرین اورتربیت یافتہ کارکنوں نے حصہ لیا۔ یہاں واضح رہے کہ غلاف کعبہ کو کسوہ کہتے ہیں اوریہ مجموعی طور پر16 ٹکڑوں پرمشتمل ہوتا ہے۔ کسوہ کی لمبائی 50 فٹ اور چوڑائی 35 سے 40 فٹ ہے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں