زائرین کیلئے بڑی خوشخبری‘ خانہ کعبہ کے اطراف حفاظتی رکاوٹیں ختم کردی گئیں

تقریباً ڈھائی سال بعد رکاوٹیں ہٹنے پر اب زائرین حجر اسود اور خانہ کعبہ کو چُھو کر بوسہ دے سکیں گے‘ حطیم میں نوافل کی ادائیگی بھی ممکن ہوگئی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 3 اگست 2022 11:29

زائرین کیلئے بڑی خوشخبری‘ خانہ کعبہ کے اطراف حفاظتی رکاوٹیں ختم کردی گئیں
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 اگست 2022ء ) مکہ مکرمہ جانے والے زائرین کیلئے بڑی خوشخبری ہے کہ خانہ کعبہ کے اطراف قائم حفاظتی حصار ختم کردیا گیا ، جس کے نتیجے میں اب زائرین حجر اسود اور خانہ کعبہ کو چُھو کر بوسہ دے سکیں گے جب کہ حطیم میں نوافل کی ادائیگی بھی ممکن ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق خانہ کعبہ کے اطراف سے حفاظتی رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں، جس کا اعلان حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کیا ، اس ضمن میں بتایا گیا ہے کہ خانہ کعبہ کے اطراف جو رکاوٹیں حفاظتی تدبیر کے طور پر قائم کی گئی تھیں ایوان شاہی نے انہیں ہٹانے کی منظوری دے دی ہے، یہ رکاوٹیں کورونا وباء کی وجہ سے حفاظتی اقدامات کے تحت عارضی طور پر کھڑی کی گئی تھیں۔


ادھر سعودی وزارت حج و عمرہ نے عبادت میں لگن اور مکہ کی عظیم مسجد میں اور عمرہ کے دوران بہت زیادہ فوٹو گرافی میں مشغول نہ ہونے پر زور دیا ہے ، اس حوالے سے ایک بیان میں وزارت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کیمپس میں اور عمرہ کے دوران بار بار فوٹوگرافی زائر کو خدا کی تعظیم اور اطاعت سے ہٹاتی ہے اور آپ کے قریب سے گزرنے والوں کو پریشان کرتی ہے ، اس کی وجہ سے دوسروں کے آپ سے ٹکرانے کا بھی خدشہ رہتا ہے ، وزارت نے نشاندہی کی ہے کہ اگر آپ حرم کے اندر تصاویر لینا چاہتے ہیں تو رسومات ادا کرتے وقت دوسروں کی رازداری کا احترام کیا جانا چاہیے اور کسی بھی نجی صورتحال کی تصویر کشی نہیں کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں سعودی وزارت برائے حج و عمرہ نے ناقص سروس دینے پر ایک کمپنی کے اعلیٰ عہدیداروں کی چھٹی کردی، ’ایس پی اے‘ سے معلوم ہوا ہے کہ عازمین کو سروس فراہم کرنے والی ایک کمپنی کے چیف ایگزیکٹو اور اعلیٰ عہدیدار کو برطرف کردیا گیا ، کمپنی کے عہدیداروں کو عازمین کو مناسب سروس فراہم کرنے میں ناکامی کی وجہ سے برطرف کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے سعودی وزارت برائے حج و عمرہ نے کہا کہ وزارت کی انسپیکشن ٹیموں نے مذکورہ کمپنی کی جانب سے ناقص سروس کی فراہمی کی نشاندہی کی تھی جس کی بنیاد پر کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ساتھ مل کرعہدیداروں کی برطرفی کا فیصلہ کیا گیا ، برطرف ہونے والے عہدیداروں کے بارے میں تحقیقات بھی کی جائیں گی۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں