سال میں ایک سے زائد بار عمرہ کرنے کے خواہشمندوں کو خوشخبری سنا دی گئی

زائرین کے لیے سال میں عمرے کی سعادت حاصل کرنے کی کوئی حد مقرر نہیں‘ مسلمان سال میں بار بار عمرہ کی سعادت حاصل کرسکتے ہیں۔ سعودی وزارت حج و عمرہ

Sajid Ali ساجد علی بدھ 10 اگست 2022 13:59

سال میں ایک سے زائد بار عمرہ کرنے کے خواہشمندوں کو خوشخبری سنا دی گئی
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 10 اگست 2022ء ) سال میں ایک سے زائد بار عمرہ کرنے کے خواہشمندوں کو خوشخبری سنا دی گئی۔ العربیہ ڈاٹ ںیٹ کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے عالم اسلام کو اچھی خبر سنائی گئی ہے کہ مسلمان سال میں بار بار عمرہ کی سعادت حاصل کرسکتے ہیں، ان کے لیے عمرہ کی تعداد کی کوئی قید نہیں ہے۔ اس حوالے سے سعودی وزارت حج وعمرہ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلمان عمرہ زائرین کسی بھی فضائی، زمینی یا سمندری راستے سے عمرہ کی سعادت حاصل کرنے لیے مملکت آسکتے ہیں، ان کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں اور سال میں عمرہ ادائیگی کی سعادت بار بار حاصل کی جا سکتی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ عمرہ کے نئے سیزن کا آغاز 30 جولائی کو ہوا جس نے نئے اسلامی ہجری سال کا آغاز کیا، مملکت میں حکام نے عمرہ کے نئے سیزن کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں جس میں 10 ملین سے زائد مسلمانوں کی آمد متوقع ہے، سعودی حکام نے کہا ہے کہ سال بھر میں عمرہ کرنے کے خواہشمند بیرون ملک مقیم مسلمانوں کے لیے کوئی زیادہ سے زیادہ حد مقرر نہیں ہے۔

(جاری ہے)

سعودی نیوز پورٹل اجیل نے رپورٹ کیا ہے کہ وزارت حج و عمرہ نے یہ بھی کہا کہ بیرون ملک مقیم مسلمان جدہ کے ہوائی اڈے تک محدود رہے بغیر سعودی عرب میں داخل ہو سکتے ہیں اور مملکت کے کسی بھی ہوائی اڈے کے ذریعے روانہ ہو سکتے ہیں، عمرہ کرنے کے لیے اعتمرنا ایپ سے اجازت نامہ حاصل کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، بشرطیکہ درخواست دہندہ COVID-19 سے متاثر نہ ہو یا کسی مریض سے رابطے میں نہ آیا ہو۔

ادھر بیرون ممالک سے آنے والے عمرہ زائرین کے سعودی عرب میں داخلے کیلئے پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کردی گئی، بیرون مملکت سے عمرہ کرنے کے خواہشمند عازمین کو سعودی عرب داخلے کیلئے پی سی آر ٹیسٹ کے منفی نتائج یا ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ کے نتائج کی ضرورت نہیں‘ کوویڈ 19 انشورنس اب بھی درکار ہوگی۔ سعودی گزٹ کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے تصدیق کی ہے کہ بیرون ملک سے عمرہ کرنے کے خواہشمند عازمین کو سعودی عرب میں داخلے کے لیے منفی پی سی آر ٹیسٹ کے نتائج یا ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ کے نتائج کی ضرورت نہیں ہے تاہم کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی صورت میں علاج کے اخراجات کو پورا کرنے کے لیے انشورنس کا اجراء اب بھی غیر ملکی زائرین کے مملکت میں عمرہ کی رسومات ادا کرنے کے لیے داخلے کی شرط ہے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں