والدین کے ہمراہ عمرے پر جانے والے بچوں کے لیے خوشخبری

مسجد الحرام میں ہر عمر کے بچوں کو داخلے کی اجازت مل گئی‘ 5 سال سے بڑے بچوں کیلئے خصوصی اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا‘ 5 سال سے کم عمر بغیر اجازت کے داخل ہوسکتے ہیں۔ سعودی وزارت حج و عمرہ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 14 اگست 2022 15:23

والدین کے ہمراہ عمرے پر جانے والے بچوں کے لیے خوشخبری
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 14 اگست 2022ء ) والدین کے ہمراہ عمرے پر جانے والے بچوں کیلئے خوشخبری ہے کہ مسجد الحرام میں ہر عمر کے بچوں کو داخلے کی اجازت دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے مسجد الحرام میں بچوں کے داخلے سے پابندی اٹھا لی ہے جس کے تحت اب پانچ برس سے کم عمر بچے اجازت کے بغیر مسجد الحرام میں داخل سکتے ہیں، اس ضمن میں سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ والدین اب اپنے بچوں کو مسجد الحرام لاسکتے ہیں، اس مقصد کے لیے 5 سال سے بڑی عمر کے بچوں کیلئے خصوصی اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا تاہم 5 سال سے کم عمر کے بچے بغیر اجازت کے داخل ہوسکتے ہیں۔

ادھر سعودی عرب نے ہر قسم کے ویزوں پر عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کی اجازت دے دی، فیصلے کا مقصد ایک سال میں 30 ملین عازمین تک پہنچنے کے سعودی 2030ء وژن کے مقصد کو پورا کرنا ہے، سعودی وزارت حج و عمرہ کے انڈر سیکرٹری عبدالرحمن شمس نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے سیاحتی ویزا سمیت تمام قسم کے ویزوں کے حامل افراد کو عمرہ کرنے کی اجازت ہے، جس کے تحت اب کسی بھی قسم کے ویزے پر سعودی عرب آنے والے کے لیے اللہ کے گھر کی زیارت کرنا ممکن ہو گیا ہے، چاہے اس کا ویزا سیاحت کے لیے ہو یا کام یا کاروبار جیسے دیگر مقاصد کے لیے حاصل کیا گیا ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے سعودی ٹیلی ویژن الاخباریہ کو بتایا کہ اعتمرنا ایپ کے ذریعے کچھ تنظیمی طریقہ کار کے تحت عمرہ کرنے کے لیے ترجیحی اپائنٹمنٹ بک کی جاتی ہے، اس فیصلے کا مقصد سعودی عرب کے 2030ء کے وژن کو پورا کرنا ہے جس کا مقصد ہر سال 30 ملین عمرہ زائرین تک پہنچنا ہے کیوں کہ سعودی 2030 ویژن ایک پرجوش ترقیاتی منصوبہ ہے جو مملکت کی تیل پر منحصر معیشت کو متنوع بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں سالانہ مناسک حج کے اختتام کے فوراً بعد نیا عمرہ سیزن 30 جولائی کو شروع ہوا، سعودی حکام کو نئے سیزن میں ایک کروڑ سے زائد عمرہ زائرین کی آمد متوقع ہے جب کہ سال بھر میں عمرہ کرنے کے خواہشمند بیرون ملک مقیم مسلمانوں کے لیے کوئی زیادہ سے زیادہ حد مقرر نہیں ہے، بیرون ملک مقیم مسلمان جدہ کے ہوائی اڈے تک محدود رہے بغیر کسی بھی ایئرپورٹ سے سعودی عرب میں داخل ہو سکتے ہیں اور مملکت کے کسی بھی ہوائی اڈے کے ذریعے روانہ ہو سکتے ہیں، عمرہ کرنے کے لیے اعتمرنا ایپ سے اجازت نامہ حاصل کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، بشرطیکہ درخواست دہندہ کوروناسے متاثر نہ ہو یا کسی مریض سے رابطے میں نہ آیا ہو۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں