مسجد الحرام میں بارش اور ہنگامی موسم سے نمٹنے کے انتظامات

بارش کے پانی کو ہٹانے اور فرش کو خشک کرنے کے لیے تقریباً 500 زائد مشینین اور آلات مہیا کردیے گئے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 16 مارچ 2023 13:59

مسجد الحرام میں بارش اور ہنگامی موسم سے نمٹنے کے انتظامات
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 مارچ 2023ء ) صدارت عامہ برائے امورحرمین شریفین کی سروسز اینڈ انوائرنمنٹل پروٹیکشن اچیومنٹ ایجنسی نے مسجد الحرام میں بارش سے نمٹنے کے لیے تمام تر ضروری انتظامات کرلیے، موسم کی ہنگامی صورت حال کے پیش نظر 200 سے زیادہ سپروائزرز اور نگران مقرر کردیے گئے، بارش کے دوران مسجدالحرام میں نمازیوں اور زائرین کی خدمت کے لیے 4 ہزار سے زیادہ مرد و خواتین رضاکاروں کی خدمات حاصل کرلی گئیں۔

عرب میڈیا کے مطابق جنرل پریذیڈنسی کے انڈر سیکریٹری برائے سروسز اینڈ انوائرمنٹل پروٹیکشن اچیومنٹ انجینیراحمد بن عمر بالعمش نے بتایا کہ بارش کے موسم کے پیش نظر صدارت عامہ نے مسجد الحرام میں اپنی تیاریاں بڑھا دی ہیں، مطاف، مسجد الحرام میں نمازکے لیے مختص ہالوں، داخلی و خارجی راستوں پر بارش سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ نمازیوں اور عمرہ کے مناسک ادا کرنے والے زائرین کو سکون کے ساتھ عبادت کا موقع فراہم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسجد الحرام کے صحن اور راستوں کو بارش کے پانی سے صاف اور خشک کرنے کے لیے تمام ضروری آلات فراہم کیے گئے ہیں، صحن مطاف، بیرونی مقامات اوربالائی منزلوں میں بارش کے پانی کو ہٹانے اور فرش کو خشک کرنے کے لیے تقریباً 500 سے زائد مشینین اور آلات مہیا کیے گئے ہیں، یجنسی ایسے معاملات کے لیے ہنگامی منصوبہ بندی کے ذریعے اپنی تیاریاں تیز کر رہی ہے۔

جنرل پریذیڈنسی کے انڈر سیکریٹری برائے سروسز اینڈ انوائرمنٹل پروٹیکشن اچیومنٹ نے بتایا کہ بارشوں کے پیش نظر احتیاطی منصوبہ بھی تیار کیا گیا ہے، اس ہنگامی منصوبے کے تحت مناسب تعداد میں رضا کار اور مسجد الحرام میں مخلتف جگہوں کی دیکھ بھال کے لیے ضروری آلات فراہم کیے گئے ہیں، بارش کی جیکٹس فراہم کی گئی ہیں اور کافی تعداد میں پلاسٹک واکرز کو مرکزی اور ثانوی داخلی راستوں اور ایسکلیٹرز کے داخلی راستوں پر پھیلائے گئے ہیں۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں