ماں کو کمر پر اٹھائے طوافِ کعبہ کرتے شخص کی ویڈیو وائرل

ویڈیو میں مسکراتی ہوئی ماں اپنے بیٹے کے اس فعل پر انتہائی خوش دکھائی دی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 18 مارچ 2023 14:43

ماں کو کمر پر اٹھائے طوافِ کعبہ کرتے شخص کی ویڈیو وائرل
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 مارچ 2023ء ) ماں کو کندھوں پر اٹھائے طوافِ کعبہ کرنے والے شخص کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ سعودی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کلپ وائرل ہورہا ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ ایک شخص اپنی ماں کو اپنی پیٹھ پر اٹھائے ہوئے ہے اور اس کے ساتھ خانہ کعبہ کا طواف کررہا ہے، ویڈیو میں ماں مسکراتی ہوئی دکھائی دیتی ہے اور اپنے بیٹے کے اس فعل سے بہت خوش ہوتی ہے کہ چلنے پھرنے سے معذور ہونے کے باوجود اس کے بیٹے نے اس کو اللہ کے گھر کی زیارت کروادی۔


اس ویڈیو میں ایک عظیم ترین نظارے کی منظر کشی کی گئی ہے جو بیٹے کی اپنی ماں سے محبت، اس کے ساتھ لگاؤ ​​اور احسان واپس کرنے کی اس کی کوشش کی تصدیق اور واضح طور پر نشاندہی کرتا ہے، اس شخص کا تعلق ازبکستان سے ہے اور اپنی والدہ کے ساتھ عمرہ کرنے آیا تھا جو خود طواف کرنے سے قاصر ہے۔

(جاری ہے)

ادھر عمرہ کے دوران پاکستانی خاتون عمرے کے دوران سانس کے شدید عارضے میں مبتلا ہوئی تو پاکستانی خاتون کو مسجد الحرام سے اجیاد ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ لایا گیا کیوں کہ خاتون کوسانس لینے میں بہت زیادہ دشواری کا سامنا تھا، اجیاد ایمرجنسی ہسپتال کے ڈاکٹروں نے کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی کے تعاون سے پاکستانی خاتون کی جان بچانے کے لیے فوری طور پر طبی امداد فراہم کی۔

ڈاکٹروں نے بتایا کہ سب سے پہلے خاتون کو ہنگامی طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اس کے بعد مرض کی تشخیص کی گئی، جس کے ساتھ ہی انتہائی نگہداشت کے شعبے میں داخل کرکے ایکمو ٹیکنالوجی کی مدد سے خاتون عمرہ زائر کا علاج کیا گیا اور علاج سے خون میں آکسیجن کی مقدار مطلوبہ حد تک بڑھ گئی اور طبیعت سنبھلنے پر پاکستانی خاتون کو کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی کے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں منتقل کردیا گیا جہاں مریض کو علاج کی تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ 

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں