مکہ مکرمہ میں طوفانی بارش، ہائی الرٹ جاری

سعودی ہلال احمر نے مکہ مکرمہ ریجن میں موسمیات کے قومی مرکز کی جانب سے غیر یقینی موسمی صورتحال کے انتباہ کے بعد اپنی تیاریاں تیز کردیں

muhammad ali محمد علی بدھ 4 ستمبر 2024 00:03

مکہ مکرمہ میں طوفانی بارش، ہائی الرٹ جاری
مکہ مکرمہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 ستمبر 2024ء ) مکہ مکرمہ میں طوفانی بارش، ہائی الرٹ جاری، سعودی ہلال احمر نے انتباہ کے بعد اپنی تیاریاں تیز کردیں۔ تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ ریجن میں طوفانی بارشوں کی پیشن گوئی کی گئی تھی۔ منگل کے روز مکہ مکرمہ میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش نے سیلابی صورتحال پیدا کر دی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں طوفانی بارشوں نے جل تھل ایک کردیا جب کہ اس دوران آسمانی بجلی بھی چمکتی رہی۔

مسجدالحرام میں نماز عشاء کے دوران بھی بارش ہوئی۔ بارش موسلادھار ہونے کے باوجود نمازی اور عمرہ زائرین مسجد الحرام کے صحن میں عبادت میں مشغول رہے۔ جبکہ جدہ میں بھی ہونے والی گرج چمک کے ساتھ بارش کی وجہ سے سڑکیں زیر آب آگئیں جب کہ جدہ ائیرپورٹ سے پروازوں کی روانگی بھی متاثر ہوئی۔

(جاری ہے)

سعودی میڈیا کے مطابق مکہ مکرمہ سمیت مملکت کے دیگر علاقوں میں طوفانی بارشوں کے امکان کے پیشن نظر سعودی ہلال احمر کو ہائی الرٹ کر دیا گیا تھا۔

سعودی ہلال احمر کے حکام کے مطابق کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر، تمام ایمرجنسی مراکز اور خصوصی رسپانس ٹیمیں بارش کے اثرات سے نمٹنے کےلیے پوری طرح تیار ہیں۔ سعودی ہلال احمر نے مکہ ریجن میں موجود 98 مراکز میں ڈاکٹروں، ماہرین، ایمرجنسی میڈیسن، ایمبولینس ٹیکنیشنز کی ٹیمیں تعینات کی ہیں۔ مجموعی طور پر ایک ہزار 420 سروس پرووائیڈر ہیں جن میں ایمبولینس اور ڈیزاسٹررسپانس گاڑیوں سمیت تقریبا 149 گاڑیاں شامل ہیں جبکہ اضافی مدد فراہم کرنے کےلیے ایک ایئر ایمبولینس بھی دستیاب ہے۔

سعودی ہلال احمر نے شہریوں اور مقیمین پر زور دیا کہ وہ متعلقہ حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔ خراب موسم کے دوران احتیاطی سے کام لیں، ٹریفک سیفٹی قوانین پر عمل کریں، ندی نالوں اور نشیبی مقامات سے دور رہیں۔ یہاں واضح رہے کہ چند روز قبل سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ بھی طوفانی بارشوں کی زد میں رہا۔ جبکہ ماہرین موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مملکت میں موسم گرما کے اختتام کا بھی آغاز ہو گیا ہے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں