حج وعمرہ کے عارضی ورک ویزوں کی فروخت جرم قرار

سعودی عرب نے بھاری جرمانوں سے خبردار کرتے ہوئے انتباہ جاری کردیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 13 اکتوبر 2024 12:10

حج وعمرہ کے عارضی ورک ویزوں کی فروخت جرم قرار
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اکتوبر 2024ء ) سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی نے انتباہ جاری کیا ہے کہ حج وعمرہ کے لیے عارضی ورک ویزوں کو فروخت کرنا جرم ہے، 50 ہزار ریال تک جرمانہ ہوگا۔ سعودی میڈیا کے مطابق وزارت حج کی جانب سے سیزنل ورک ویزوں کے اجرا کی مدت میں توسیع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم سیزنل ویزوں کو فروخت کرنا یا ان ویزوں پر آنے والے کارکنوں کو کسی دوسرے کے پاس کام کرنے کی اجازت دینا غیرقانونی عمل ہے، سیزنل ویزوں کے حوالے سے خلاف ورزی ثابت ہونے کی صورت میں 50 ہزار ریال تک جرمانے کے علاوہ اس کمپنی یا ادارے کو حج عمرہ سروسز کے لیے پانچ برس تک بلیک لسٹ کردیا جائے گا یا دونوں سزائیں بیک وقت بھی دی جاسکتی ہیں۔

مملکت کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے نے رپورٹ کیا کہ سعودی کابینہ نے حج وعمرہ کے شعبے میں بیرون ملک سے عارضی کارکنوں کی درآمد کے لیے ویزوں کے اجراء کے لائحہ عمل کی منظوری دی ہے جس کا مقصد خدمات کے معیار کو بہتر کرنا ہے، ان ضوابط کی منظوری سے نجی سیکٹر کو بھی فائدہ ہوگا، سعودی وزارت افرادی قوت نے بتایا کہ کابینہ کی جانب سے لائحہ عمل کی منظوری سے سیزنل ویزوں کے ضوابط میں متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں، جن کے تحت ویزوں کی مدت میں بھی توسیع کردی گئی ہے، سیزنل ویزے ماہ شعبان سے جاری ہوں گے جو اسلامی سال کے پہلے مہینے محرم کے آخر تک کارآمد رہیں گے۔

(جاری ہے)

سیزنل ویزوں کے اجراء سے متعلق ضوابط میں کہا گیا ہے کہ آجر و اجیر کے مابین ورکنگ ایگریمنٹ کیا جائے گا، کارکن کے لیے میڈیکل انشورنس فراہم کرنا ضروری ہوگا کیوں کہ یہ ویزہ کے اجراء کے لیے لازمی شرط ہے، بڑی کمپنیوں کو اپنے کام کے حساب سے سیزنل ویزہ کی مدت میں مزید توسیع کی سہولت دی گئی ہے، ابتدائی طور پر اس ویزہ کی مدت 90 روز ہوگی جس میں مزید 90 دن کی توسیع ممکن ہے، اس کے ساتھ ہی ان ویزوں کے غلط استعمال کے حوالے سے بھی نگرانی کا سخت نظام رکھا گیا ہے جس کے تحت کسی بھی خلاف ورزی پر متعلقہ کمیٹی ایکشن لے گی، ضوابط پر عمل درآمد نئی ترمیم کے اعلان کے 180 دن بعد کیا جائے گا۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں